سعودی عرب نے ڈیڑھ ارب ڈالر بطور تحفہ پاکستان کو دیئے ہیں ،رقم ملک میں انفراسٹرکچر کی تعمیر پر خرچ کی جائیگی ، سینیٹر محمد اسحاق ڈار ،اپریل میں پانچ سو ملین یورو کے بانڈ جاری کئے جائینگے، عالمی برادری (ن )لیگ کو نہیں پاکستان کو جانتی ہے ،موجودہ حکومت کی پالیسیوں کے باعث عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد پھر بحال ہوا ہے، وزیر خزانہ کا قومی اسمبلی میں پالیسی بیان

بدھ 26 مارچ 2014 14:41

سعودی عرب نے ڈیڑھ ارب ڈالر بطور تحفہ پاکستان کو دیئے ہیں ،رقم ملک میں ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مارچ۔2014ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے ڈیڑھ ارب ڈالر بطور تحفہ پاکستان کو دیئے ہیں یہ رقم ملک میں انفراسٹرکچر کی تعمیر پر خرچ کی جائیگی ، اپریل میں پانچ سو ملین یورو کے بانڈ جاری کئے جائینگے، عالمی برادری مسلم لیگ ن کو نہیں پاکستان کو جانتی ہے موجودہ حکومت کی پالیسیوں کے باعث عالمی سرمایہ کاروں کا پھر اعتماد بحال ہوا ہے۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ 26 ستمبر2008ء کو فرینڈز آف پاکستان گروپ قائم کیا گیا تھا جس نے چھ ارب ڈالر کے وعدے کئے تھے یہ وعدے انسداد دہشت گرد کیلئے تھے لیکن صرف 341 ملین ڈالر ہمیں ملے ہیں، امریکہ نے اس میں 195 ملین ڈالر دیئے ، احباب پاکستان گروپ نے متعدد شہروں میں اجلاس بھی کئے تھے، چھبیس ملکوں نے اپنے وعدے پورے نہیں کئے اور اپنی گرانٹ بھی اس مد میں ڈال دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 2011ء میں اس وقت کے وزیر خزانہ نے خود اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے ان وعدوں کے چکر میں بجٹ میں دو ارب ڈالر مختص کر دیئے تھے جو بڑی غلطی تھی ، سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم نے 8 ماہ میں معیشت کو مستحکم کیا ہے، ٹیکس محصولات میں سترہ فیصد اب تک اضافہ ہوچکا ہے، حالانکہ گزشتہ مالی سال میں ہدف بھی پورا نہیں ہوسکا تھا،

نگران حکومت نے بھی غلط فیصلے کئے جس نے معیشت کو دباؤ میں ڈالا، انہوں نے تجویز دی کہ یہ حکومت جانے سے پہلے معیشت کی کلیئر بیلنس شیٹ دیکر جائے اور اس کیلئے آئین میں ترمیم کی جانی چاہئے، انہوں نے کہا کہ ہمیں اس سال بھی مجبورا ڈھائی سو ارب روپے سے زائد کی سبسڈی بجلی پر دینی پڑ رہی ہے، ہماری برآمدات میں اب تک چھ فیصد جبکہ ترسیلات زر میں گیارہ فیصد اضافہ ہوا ہے ، ورلڈ بینک سمیت دیگر عالمی مالیاتی اداروں نے ہم پر اعتماد کرنا شروع کردیا ہے اور ورلڈ بینک کا ڈیڑھ ارب ڈالر جو یکم مئی کو لیپس ہونے جارہا تھا ہم نے بچا لیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم اپریل میں پانچ سو ملین یورو کے بانڈ جاری کرینگے، وزیر خزانہ نے اپوزیشن سے درخواست کی کہ وہ حکومت کا ساتھ دے تاکہ ہم معیشت کو مضبوط کریں ، عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد پھر سے بحال ہوا ہے، عالمی برادری مسلم لیگ ن کو نہیں پاکستان کو دیکھتی ہے، ہم قرضے کی ادائیگی کیلئے مجبورا آئی ایم ایف کے پاس گئے ہم نے پیپلز پارٹی پر مبلہ ڈال کر آئی ایم ایف کو جواب نہیں دیا، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے فیصلہ کیا ہے کہ کسی ملک سے امداد نہیں مانگنی، سعودی عرب نے ڈیڑھ ارب ڈالر بطور تحفہ دیا ہے، سعودی عرب خود احباب پاکستان گروپ کا رکن ہے، سعودی عرب نے ہم سے دوستی کا ثبوت دیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم کراچی، لاہور موٹروے بنائینگے جس پر 1800 ارب روپے کا خرچہ ہے، سعودی عرب کا تحفہ 151 ارب روپے بنتا ہے، اس تحفے کا سرکاری ریکارڈ موجود ہے اپوزیشن کو تحفے پر اعتراض نہیں کرنا چاہئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے خواہش ظاہر کی تھی کہ ان کا نام ظاہر نہ کیا جائے، انہوں نے کہا کہ اب اس معاملے پر تنقید کا سلسلہ بند ہونا چاہئے۔