حکومت اورطالبان کمیٹی کے ارکان طالبان شوریٰ سے براہ راست مذاکرات کیلئے روانہ

بدھ 26 مارچ 2014 11:39

حکومت اورطالبان کمیٹی کے ارکان طالبان شوریٰ سے براہ راست مذاکرات کیلئے ..

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26مارچ 2014ء) حکومتی اور طالبان کمیٹی کے اراکین طالبان شوریٰ سے براہ راست مذاکرات کے لئے پشاور سے روانہ ہو گئے ہیں۔حکومتی اور طالبان کمیٹی کے ارکان طالبان شوریٰ سے براہ راست مذاکرات کے لئے پشاور سے براستہ ہیلی کاپٹر خفیہ مقام پر روانہ ہو گئے ہیں جہاں دونوں کمیٹیاں طالبان کی سیاسی شوریٰ سے ملاقات کریں گی جو ممکنہ طور پر ایک دو روز تک جاری رہے گی۔

حکومتی کمیٹی میں حبیب اللہ خٹک، ارباب عارف، فواد حسن فواد اور رستم شاہ مہمند شامل ہیں جبکہ طالبان کمیٹی میں مولانا سمیع الحق، پروفیسر ابراہیم اور مولانا یوسف شاہ شامل ہیں۔طالبان کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم کا کہنا ہے کہ دونوں کمیٹیاں طالبان شوریٰ سے خفیہ مقام پر ملاقات کریں گی، جنگ بندی پہلی ترجیح ہے، دونوں کمیٹیوں نے مذاکرات کے لئے نکات تیار کر لئے ہیں، ملاقات میں دونوں کمیٹیوں کے نکات پر بات ہو گی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ طالبان شوریٰ کی نمائندگی قاری شکیل، اعظم طارق، مولوی ذاکراور مولوی بشیرکریں گے، فریقین آمنے سامنے ہوں گے تو ایک دوسرے کے مطالبات پر بات ہوسکے گی۔

پروفیسر ابراہیم کا کہنا تھا کہ ہم سہولت کار ہیں، کوشش ہے طالبان قیادت اور حکومتی کمیٹی کو ایک دوسرے کے قریب لائیں، پوری قوم دعا کرے کہ مذاکرات کامیاب ہوں۔ دوسری جانب مولانا یوسف شاہ کا کہنا تھا کہ امن کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :