گراوٴنڈ میں پاکستانی پرچم لہراتے دیکھ کر بنگلہ دیشی حکومت پر سکتہ طاری، اپنے شہریوں پر گراوٴنڈ میں کسی بھی ملک کا پرچم لہرانے پر پابندی لگا دی ، آئی سی سی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے وضاحت مانگ لی ، کوئی ایسا قدم نہیں اُٹھائیں گے جو بنگلہ دیش کے قوانین سے متصادم ہو ، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل

منگل 25 مارچ 2014 21:20

گراوٴنڈ میں پاکستانی پرچم لہراتے دیکھ کر بنگلہ دیشی حکومت پر سکتہ طاری، ..

ڈھا کا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2014ء) بنگلہ دیشی حکومت نے منگل کو اپنے شہریوں پر ورلڈ ٹی 20ٹورنامنٹ کے دوران گراوٴنڈ میں کسی بھی ملک کا پرچم لہرانے پر پابندی لگا دی ہے ، اطلاعات کے مطابق یہ پابندی ایشیاء کپ اور گزشتہ دنوں کھیلے گئے میچز میں پاکستانی پرچم لہرانے کے بعد لگائی گئی ، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے اس سلسلے میں خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقامی شہریوں کی جانب سے غیر ملکی جھنڈے لہرانے کے بعد یہ حکم جاری کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ انہیں اس سلسلے میں ہدایات دی گئی ہیں ۔

تاہم انہوں وضاحت نہیں کی کہ یہ ہدایات کہاں سے وصول ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ گراوٴنڈ میں موجود سیکورٹی اہلکاروں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ مقامی تماشائیوں کو کسی بھی دوسرے ملک کا جھنڈا گراوٴنڈ میں لے جانے سے روکا جائے اور دوران میچ بھی اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ مقامی تماشائی کسی دوسرے ملک کا پرچم نہ لہرائیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ یہ پابندی اس موقع پرلگائی گئی جب بنگلہ دیشی عوام 26مارچ کو اپنا44واں یوم آزادی منا نے کی تیاریاں کر رہی ہے ، بنگلہ دیش آزادی سے قبل پاکستان کا حصہ تھا اور اسے مشرقی پاکستان کہا جاتا تھا۔

دوسری جانب آئی سی سی نے اس پابندی کا نوٹس لے لیا ہے اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے وضاحت طلب کی ہے ، آئی سی سی کے بیان کے مطابق کہ ابھی یہ نہیں پتہ چلا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے بیان میں کس قانون کا ذکر ہے ، لیکن بی سی بی کا بیان ورلڈ ٹی 20کے انعقاد کیلئے معاہدے کے منافی ہے ، اس سلسلے میں قانونی معاملات پر آئی سی سی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے مزید وضاحت طلب کر لی ہے۔