اپنے وسائل کی طرح غیر ملکی امداد کا شفاف اور منصفانہ استعمال بھی یقینی بنائیں گے،پرویزخٹک، خیبرپختونخوا کی حکومت ماضی کے برعکس بین الاقوامی برادری اور عالمی اداروں کی امداد اُصولوں اورعوامی ضروریات کی بنیاد پر قبول کریگی ،پچھلی حکومتوں نے عوام کے نام پر قرضے لیکر انہیں عیاشیوں پر خرچ کیا ،عوام کو ان کا فائدہ پہنچانے کی بجائے صرف مقروض بنایا ، وزیر اعلی خیبرپختونخوا

منگل 25 مارچ 2014 21:17

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2014ء) وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کی حکومت ماضی کے برعکس بین الاقوامی برادری اور عالمی اداروں کی امداد اُصولوں اورعوامی ضروریات کی بنیاد پر قبول کرے گی اور اپنے وسائل کی طرح غیر ملکی امداد کا شفاف اور منصفانہ استعمال بھی یقینی بنائے گی پچھلی حکومتوں نے عوام کے نام پر قرضے لیکر انہیں عیاشیوں پر خرچ کیا اور عوام کو ان کا فائدہ پہنچانے کی بجائے صرف مقروض بنایا جبکہ عالمی برادری کے اعتماد کو بھی ٹھیس پہنچائی مگرآئندہ ایسانہیں ہونے دیا جائے گا اُنہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کی حکومت ہر شعبے میں شفافیت کو یقینی بنانے اور کرپشن کے خاتمے کے لئے مخلصانہ اور ٹھوس کو ششیں کر رہی ہے مختلف قوانین متعارف کئے جارہے ہیں تاکہ بدعنوانیوں کے خاتمے اور شفافیت کاعمل پائیدار ثابت ہو اور آئندہ کی حکومتوں میں بھی چلتا رہے ان میں رائٹ ٹو سروس، رائٹ ٹو انفارمیشن ، احتساب کمیشن اور کنفلکٹ آف انٹرسٹسمیت کئی قوانین شامل ہیں جوہمارے اس دعوے کا واضح ثبوت ہیں اُنہوں نے یہ بات برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن، برطانوی امدادی ادارے ڈی ایف آئی ڈی(DFID ( کے سربراہ رچرڈ مونٹگومر ی کی معیت میں وفد سے سے بات چیت کر تے ہوئے کہی جس نے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اُن سے ملاقات کی اس موقع پروزیرا علیٰ کے مشیر معاشی اُمور رفاقت الله بابر، چیف سیکرٹری محمد شہزاد ارباب، ایڈیشنل چیف سیکرٹریز خالد پرویز، وزیر اعلیٰ کمپلینٹ سیل کے چیئرمین حاجی دلروز خان کے علاوہ محکمہ ہائے ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن، صحت،خزانہ ، منصوبہ بندی و ترقیات اور صنعت وفنی تعلیم کے انتظامی سیکرٹری کے علاوہ اعلیٰ افسران بھی موجود تھے برطانوی ہائی کمشنر نے مذکورہ قوانین اور اصلاحات کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ عالمی برادری اس ضمن میں صوبائی حکومت کی بھر پور اور فراخدلانہ مدد کی خواہش مند ہے اُنہوں نے خیبرپختونخوا کی حکومت اور عوام کی مہمان نوازی کو بطور خاص سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے میں قیام امن کی راہ ہموار ہونے کے ساتھ عالمی برادری تمام شعبوں میں یہاں کے لوگوں کی مدد کے علاوہ یہاں سرمایہ کار ی بھی چاہتے ہیں وفد نے وزیر اعلیٰ کو یقین دلایا کہ اُن کا ادارہ عالمی امداد کیلئے صوبائی حکومت کے ترقیاتی شراکت داری قانون کے تحت خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی اتحادی حکومت کے ترقیاتی اور فلاحی ایجنڈے کو عملی شکل دینے میں بھر پور تعاون کر ے گی پرویز خٹک نے وفد کو خیبرپختونخوا حکومت کی طرف سے کئے جانے والے اُن اقدامات اور کامیابیوں سے بھی آگاہ کیا جن کا مقصد بنیادی تعلیم اور صحت سمیت تمام شعبوں میں تبدیلی کے ایجنڈے سے ہم آہنگ اصلاحات پر عمل درآمد اور کرپشن اور بد عنوانیوں کے راستے کو روکنا ہے اُنہو ں نے صحت و تعلیم کے شعبوں میں برطانوی حکومت اور ڈی ایف آئی ڈی کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے ان دونوں شعبوں میں ایمرجنسی کا نفاذ کیا ہے کیونکہ آج ہمار ے عوام کی حالت زار کی بنیادی وجہ بھی ان شعبوں پر ماضی کی حکومتوں کی عدم توجہی ہے وزیر اعلیٰ نے اُمید ظاہر کی کہ ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیم کے علاوہ ہمیں فنی تعلیم میں تعاون کی اشد ضرورت ہے کیونکہ ہم اپنے کم خواندہ نوجوانوں کو جدید فنی تعلیم سے آراستہ کرکے فوری روزگار دلانے اور باوقار زندگی گزارنے کے قابل بنا سکتے ہیں جبکہ بیرون ملک بالخصوص خلیجی و عرب ممالک میں بھی اب صرف ہنر مند افرادی قوت کی مانگ ہے اُنہوں نے کہا کہ اداروں کی مضبوطی اور انکی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے سیاسی مداخلت سے پاک کرنے کے علاوہ قانون سازی پر پوری توجہ دی جارہی ہے صوبائی اسمبلی کے حالیہ سیشن میں ہم نے 15 اہم قوانین منظورکرائے حالانکہ ماضی میں قانون سازی پر کم توجہ دی گئی اُنہوں نے کہا کہ پولیس نظام کو ہر طرح کی مداخلت سے پاک کرکے خود مختار اور آزاد فورس بنا دیا گیا ہے جس کی بدولت اب صورتحال میں بتدریج بہتری سامنے آنے لگی ہے اور آج غیر ملکی سرمایہ کار اور مہمان بات چیت کیلئے ہمیں اسلام آباد بلانے کی بجائے خود یہاں آنے لگے ہیں جو بہتر تبدیلی کا اشارہ ہے اُنہوں نے اس ضمن میں نئے لوکل گورنمنٹ سسٹم کے تحت نچلی سطح تک اختیارات کی منتقلی کے بارے میں قانونی سازی کا خصوصی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نئے بلدیاتی سسٹم کے تحت تمام تر اختیارات اور ذمہ داریاں نچلی سطح تک منتقل کر دی جائیں گی صوبائی حکومت کے 30فیصد ترقیاتی فنڈز ضلع ، تحصیل اور ویلج کی سطح تک منتقل کر دیئے جائیں گے اُنہوں نے کہاکہ نچلی سطح پر عوام خود سکولوں، ہسپتالوں کا انتظام اور انصرام کر سکیں گے اُنہوں نے مزید بتایا کہ جلد ہی ایک آزاد اور خودمختار احتساب کمیشن وجود میں آ جا ئے گا جو وزیر اعلیٰ اور وزراء سمیت ہر ایک کا بلا تفریق احتساب کرسکے گااسی طرح رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کے تحت ہر ادارہ وقت کے مقررہ ہر شہری کو خدمات مہیا کرے گا بصورت دیگر بھاری جرمانہ درخواست گزار کو اپنی جیب سے ادا کرے گا ہمارے نئے قانون کنفلکٹ آف انٹرسٹ کے تحت کوئی عوامی نمائندہ اپنا ذاتی کاروبار نہیں کرے گا تاکہ عوامی مفاد کو نقصان پہنچنے کے امکانات ختم ہوں وفد کے اراکین نے صوبائی حکومت کے ان اقدامات کو سراہااور خیبرپختونخوا کے عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے اپنے ادارے کی طرف سے بھر پور تعاون کا یقین دلایاپشاور میں تعینات امریکی قونصل جنرل گیبرائل اسکوبر اور شعبہ تعلیم کی سربراہ کیرن برانسن نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور صوبے میں بنیادی تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت کے علاوہ ذہین طلباء کیلئے سکالرشپ اور طلباء کے وفود کے تبادلوں کی پیشکش سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کیا ۔

متعلقہ عنوان :