پاکستان کو کرکٹ ورلڈ کپ جیتے 22 سال ہو گئے

منگل 25 مارچ 2014 12:54

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25مارچ 2014ء) 25مارچ 1992،جس دن پاکستان کی دنیائے کرکٹ پر حکمرانی قائم ہوئی ، آسٹریلیا میں پاکستان ٹیم نے عالمی کپ ٹائٹل جیتا ، 22سال گزر نے بعد بھی یہ سنہری دن عوام کے ذہنوں میں تازہ ہیں۔ 25مارچ 1992 کو ورلڈ کپ کرکٹ کے فائنل میں پاکستان نے انگلینڈ کو 22 رنز سے شکست دی اور ہر طرف جشن شروع ہو گیا۔

پاکستان ٹیم ایونٹ کی فیورٹ تھی نا اس کا آغاز اچھا تھا،لیکن بارش رحمت بن گئی، انگلینڈ سے ہارا ہوا میچ منسوخ ہوا، ایک پوائنٹس ملا جس نے پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچا دیا۔ سیمی فائنل میں معین خان بوم بوم کے روپ میں دکھائی دیئے۔ 11گیندوں پر 20رنز بنا ئے اورنیوزی لینڈ سے فتح چھین لی، انضمام الحق نے یاد گار اننگز کھیلی تو جاوید میانداد 57 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

(جاری ہے)

فائنل میں پاکستان کا انگلینڈ سے ٹاکرا ہوا، اوپنرز کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد کپتان عمران خان اور جاوید میانداد نے 139رنز کی شراکت قائم کی اور اسکور کو 249 تک پہنچا دیا، انگلینڈ بڑی تیزی سے ہدف تک بڑھا، لیکن وسیم اکرم کی دو گیندوں نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ بس پھر گرین شرٹس چھا گئے۔ انگلش ٹیم اٹھ نہ سکی اور پاکستان نے پہلی بار کرکٹ کا عالمی ٹائٹل جیت لیا۔