ملائیشین وزیراعظم نے لاپتہ طیارے کی بحرہند میں گر کر تباہ ہونے کی تصدیق، طیارے میں سوار تمام مسافر ہلاک ہو گئے، ان کے اہلخانہ کو آگاہ کیا جائے گا، نجیب رزاق

پیر 24 مارچ 2014 22:25

ملائیشین وزیراعظم نے لاپتہ طیارے کی بحرہند میں گر کر تباہ ہونے کی تصدیق، ..

کوالالمپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2014ء) ملائیشا کے وزیراعظم نجیب رزاق نے ملائیشین ایئرلائن کے لاپتہ مسافر طیارے کے بحر ہند میں گر کر تباہ ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں ملائیشین وزیراعظم نجیب رزاق نے کہا ہے کہ 17 روز کی کھوج اور تحقیقات کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ طیارے کی آخری پوزیشن بحرہند کے وسط میں تھی اور وہ بحرہند کے جنوب میں گر کر تباہ ہوا، حادثے کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام مسافر ہلاک ہو چکے ہیں۔

انہوں نے طیارے میں سوار مسافروں کے ورثاء سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ورثاء کو تمام ترصورتحال سے آگاہ کیا جائے گا اور اس حوالے سے وہ جلد اپنا تفصیلی بیان بھی جاری کریں گے۔واضح رہے کہ 8 مارچ کو ملائشین ایئر لائن کی پرواز ایم ایچ 370 ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور سے چینی شہر بیجنگ جاتے ہوئے لاپتا ہو گئی تھی جس میں 239 مسافر سوار تھے، ملائشیا نے طیارے کی تلاش کیلئے پاکستان سمیت 25 ممالک سے تعاون کی بھی اپیل کی تھی۔