وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیرصدارت کابینہ کااجلاس،ترقیاتی منصوبوں سمیت دیگرامورزیربحث لائے گئے ، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور فنڈز کے درست استعمال کو یقینی بنایا جائے،ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ

پیر 24 مارچ 2014 20:25

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2014ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کو بروقت اورمعیاری تکمیل کے ساتھ ساتھ اس سلسلے میں مختص کئے گئے فنڈز کے درست استعمال کو یقینی بنایا جائے، وہ پیر کے روز صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اظہار خیال کر رہے تھے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جاری منصوبے جن پر کثیر رقم خرچ کی جا چکی ہے انہیں مکمل کیا جانا ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز کسی صورت ضائع نہیں ہونے چاہئیں، وزیر اعلیٰ نے خیال ظاہر کیا کہ اگر کسی بھی محکمے نے مختص کردہ رقم خرچ نہیں کی ہے تو اس کی پوچھ گچھ ہونی چاہیے، کابینہ میں عیسائی برادری کے لیے دو رہائشی اسکیموں کا معاملہ زیر بحث آیا، ایڈیشنل چیف سیکریٹری(ترقیات) نے کابینہ کو بتایا کہ مذکورہ اسکیموں میں سے ایک پر وفاقی اور صوبائی حکومت کے مشترکہ فنڈنگ سے منصوبے پر 80فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ دوسرے منصوبہ پر صوبائی حکومت نے کام کیا ہے، دونوں اسکیموں کی تکمیل کے لیے پی ایس ڈی پی سے مزید فنڈز فراہم کرنے کی ضرورت ہے، کابینہ نے دونوں منصوبوں کو اگلے پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے کی منظوری دی، ساتھ ہی یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ دونوں اسکیموں کی تکمیل کے لیے متعلقہ وزیر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی جائے گی، کابینہ نے بلوچستان پرائیویٹ منی لینڈنگ بل کی بھی منظوری دی، جسے صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

جس کے تحت بلوچستان میں دو افراد کے مابین سود پر قرضہ دینا یا کاروبار کو قابل سزا جرم قرار دیا گیا ہے، کابینہ نے دہری شہریت سے متعلق مجوزہ آئینی ترمیم پر غور کرنے کے بعد اس نتیجے پر پہنچی کہ دہری شہریت کا قانون برقرار رہنا چاہیے اور اس کا اطلاق ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ افسران اور ججوں پر بھی ہونا چاہیے، کابینہ نے بلوچستان کے سرکاری ریکارڈ اور قدیم تاریخی دستاویزات کو تحویل میں لینے اور دیکھ بھال کے بل کی بھی منظوری دی، نوادرات کو تحویل میں لینے اور دیکھ بھال کے لیے بورڈ بنانے کی بھی منظوری دی گئی، کابینہ نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے مختلف جاری منصوبوں کی تکمیل اور مشینوں کے آلات کی خریداری کے لیے ضروری فنڈز کی فراہمی کی منظوری بھی دی، وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے اس موقع پر پی ایچ ای کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ سہولتوں کی فراہمی اور اس کے ساتھ ہی آمدن میں اضافے کو یقینی بنائیں گے، انہوں نے کہا کہ آج کی دنیا میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی صرف عوام کے فعال تعاون سے ہی ممکن ہے۔

کابینہ نے لوکل گورنمنٹ رولز میں مجوزہ ترامیم سے اتفاق کیا۔

متعلقہ عنوان :