میڈیا کو سچ بات کرنے اور حقائق بیان کرنے سے نہیں روکا جا سکتا، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ، دہشت گردی و خود کشی حملے کے مناظر کو براہ راست نشر نہیں کرنا چاہئے ،میڈیا حکومت کا ساتھ دے، صحافیوں سے گفتگو

پیر 24 مارچ 2014 20:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2014ء)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ میڈیا کو سچ بات کرنے اور حقائق بیان کرنے سے نہیں روکا جا سکتا، میڈیا کو خود ذمہ داری کا احساس کرنا چاہئے بلکہ دہشت گردی و خود کشی حملے کے مناظر کو براہ راست نشر نہیں کرنا چاہئے اور میڈیا کو حکومت کا ساتھ دینا چاہئے۔

(جاری ہے)

پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی ضلعی عدالت میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعات پر اسلام آباد ہائیکورٹ کا کمیشن تحقیقات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات کی روشنی میں آنے والی کمیشن کی رپورٹ پر حکومت ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فیصلے پر من و عن عمل کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وکلاء کا ضلعی عدالتوں کی منتقلی کا موقف درست ہے۔