مفاد عامہ کے منصوبوں میں لاپرواہی اور غفلت برتنے والے افسروں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں‘ وزیر اعلیٰ پنجاب،وزیراعلیٰ کا آشیانہ اقبال کا دورہ، ناقص کارکردگی پر پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فارغ، متعلقہ افسران کیخلاف کارروائی کا حکم،شدید بارش کے باوجود وزیراعلیٰ آشیانہ اقبال کی سائٹ پر پہنچے، منصوبے پر سست روی پر شدید برہمی کا اظہار، متعلقہ افسران کی سخت سرزنش،سڑک کی بروقت تعمیر نہ ہونے پر اظہار ناراضگی، آشیانہ ہاؤسنگ پراجیکٹ کم وسیلہ خاندانوں کو اپنی چھت فراہم کرنے کا انقلابی پروگرام ہے، محمد شہباز شریف

پیر 24 مارچ 2014 19:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے برکی روڈ پر آشیانہ اقبال کی سائٹ کا دورہ کیا اور منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے پر سست روی اور کوتاہی کا مظاہرہ کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے قائم مقام چیف ایگزیکٹو آفیسر کو فی الفور عہدے سے ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے دیگر ذمہ دار افسران کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کا بھی حکم دیا۔

وزیراعلیٰ نے برکی سے آشیانہ اقبال کی سائٹ تک سڑک کی بروقت تعمیر نہ کرنے کا بھی سخت نوٹس لیتے ہوئے شدید ناراضگی کا اظہار کیا اور متعلقہ افسران کی سخت سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ مفاد عامہ کے منصوبوں میں لاپرواہی اور غفلت برتنے والے افسروں کو اپنے عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں اور میں پنجاب میں ایسے کسی افسر کو کسی صورت برداشت نہیں کروں گا جو اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی میں تساہل یا غفلت کا مظاہرہ کرے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ آشیانہ ہاؤسنگ پراجیکٹ کم وسیلہ خاندانوں کو اپنی چھت فراہم کرنے کا ایک انقلابی پروگرام ہے اور اس پروگرام کو ایک قومی ذمہ داری سمجھ کر آگے بڑھایا گیا ہے تاہم آشیانہ اقبال کی سائٹ کے دورے کے دوران متعلقہ افسران کی کارکردگی دیکھ کر مجھے انتہائی افسوس ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم وسیلہ خاندانوں کو چھت کی فراہمی کے منصوبوں میں لاپرواہی اور غفلت برتنے والے افسران کو اپنے عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آشیانہ ہاؤسنگ سکیم کم وسیلہ خاندانوں کیلئے شروع کیا گیا ایک انقلابی منصوبہ ہے۔ عام لوگوں کواپنی چھت فراہم کرنے کے پروگرام میں کوئی کوتاہی یا سستی برداشت نہیں کروں گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آشیانہ اقبال کا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ماڈل بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے بریفنگ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آشیانہ قائد میں ہزاروں بے گھر افراد کو اپنی چھت فراہم کی گئی ہے ۔

صوبائی دارالحکومت کے علاوہ ساہیوال، فیصل آباد اور پنجاب کے دیگر بڑے شہروں میں بھی آشیانہ ہاؤسنگ سکیموں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آشیانہ ہاؤسنگ سکیموں میں امرا کی رہائشی کالونیوں جیسی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ آشیانہ ہاؤسنگ پراجیکٹ وسائل عوام پر خرچ کرنے کا بہترین منصوبہ ہے اور وسائل کی ایک ایک پائی کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے شدید بارش کے باوجود آشیانہ اقبال، برکی روڈ کی سائٹ کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر متعلقہ افسران ذمہ داری اور محنت سے منصوبے پر کام کرتے تو صورتحال یقینا مختلف ہوتی۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کو برکی روڈ آشیانہ اقبال کے مجوزہ منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ایم پی اے شیخ علاؤالدین، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹری ہاؤسنگ، ایم ڈی نیسپاک، ڈی جی ایل ڈی اے اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔