اینگرو ووپیک کی جانب سے خصوصی بچوں کے تعلیمی ماحول میں بہتری کیلئے امداد او ر حمایت

پیر 24 مارچ 2014 17:29

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24مارچ 2014ء) اینگرو ووپیک ٹرمینل لمیٹڈ نے اسکول انتظامیہ اور میڈیا کے افراد کی موجودگی میں ACELP (Association for Children with Emotional and Learning Problems) اسکول کے نئے فلور کا افتتاح کیا۔ACELP کراچی میں قائم ان چند فلاحی اداروں میں سے ایک ہے جو گزشتہ 30برسوں سے نمو میں تاخیر جیسے مسائل کے شکار بچوں کی فلاح کے لئے کام کر رہا ہے۔

جن بچوں کو خصوصی تعلیم و تربیت درکار ہوتی ہے یہ ادارہ ان کی تشخیص، تعلیم، تھیرپی، ووکیشنل ٹریننگ اور بحالی کے لئے کام کرتا ہے۔اس وقت اسکول میں 150بچے باقاعدگی سے جسمانی تربیت، کھیلوں کی تربیت، طبی تجزئیے اور جہاں ضرورت ہو ، مشوروں کے لئے ریفرل کی سہولیات سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔اینگرو ووپیک کی جانب سے 3.4ملین روپے کی فیاضانہ امداد سے ACELP اسکول اب جدید سہولتوں کے حامل دو منزلہ کیمپس میں تبدیل ہو چکا ہے جس سے اسکول میں کلاس رومز کی تعداد میں اضافے میں مدد ملے گی اور ان کلاس رومز میں مزید بچوں کو داخل کیا جا سکے گا۔

(جاری ہے)

اینگرو ووپیک کے تعاون سے اس ادارے کی پہلی منزل کی تعمیر میں مدد ملی ہے جس کا مجموعی رقبہ 7500مربع گز ہے۔ اس منزل پر جدید سہولیات کے حامل 10کمرے تعمیر کئے گئے ہیں ، اس کے علاوہ ایک ہال بھی تعمیر کیا گیا ہے جو اسکول کی تمام تعلیمی سرگرمیوں کی بجا آوری میں مدد گار ثابت ہو گا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں اینگرو ووپیک کے CEOشیخ عمران الحق نے کہا ، ”خصوصی بچوں کو اکثر گوناگوں مسائل کا سامنا رہتا ہے اور انہیں اپنے اہل خانہ اور دیگر ساتھیوں کے ساتھ زندگی گزارنے میں دقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

یہ بات بے حد اہم ہے کہ ان بچوں کو درکار ضروری مدد فراہم کی جائے اور انہیں ایسی تعلیم دی جائے جس کی مدد سے وہ معاشرے کا کارآمد حصہ بن جائیں۔ان بچوں کو سیکھنے کے لئے ایک پلیٹ فارم کی فراہمی اور ان کے لئے معیاری تعلیم تک رسائی کو آسان بنانے کے لئے اینگرو ووپیک ، ACELPکی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔“ACELPکی پرنسپل مسز مہر حسن نے کہا، ” ہمارا مقصد ہے کہ ان خصوصی بچوں کو ایسی تربیت فراہم کی جائے کہ یہ خود مختار ہوں اور اور اپنی فیملی اور معاشرے کے کار آمد اور بہترین رکن بنیں۔

ہماری پالیسی ہے کہ ہم کسی ایسے بچے کو داخلہ دینے سے انکار نہیں کرتے جو ہماری خدمات سے فائدہ اٹھا سکتا ہے ۔ اینگرو ووپیک کا تعاون ہمارے لئے نہایت قابل قدر ہے کیونکہ اس تعاون سے ہمیں معاشرے کے نظر انداز کئے گئے ایسے افراد کو تعلیم دینے میں سہولت میسر آئے گی جن کی خصوصی ضروریات پیشہ ور افراد کی تربیت یافتہ ٹیم کی جانب سے مدد کی مرہون منت ہیں تاکہ یہ افراد بھی معاشرے میں اپنی صلاحیتوں کے عین مطابق کردار ادا کر سکیں۔“

متعلقہ عنوان :