کراچی‘استاد حامد علی خان نے میوزک فیسٹیول میں سماع باند ھ دیا

پیر 24 مارچ 2014 14:28

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24مارچ 2014ء) آل پاکستان میوزک کانفرنس کے دو روزہ میوزک فیسٹیول کا شاندار اختتام، استاد حامد علی خان کی گائیگی نے سماع باندھ دیا۔ دیگر گلوکاروں میں استاد ممتاز سبزل، فدا حسین، استاد بدر الزمان نے بھی حاضرین کے دل موہ لئے۔ تفصیلات کے مطابق آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں ہونے والا آل پاکستان میوزک کانفرنس کے زیر اہتمام میوزک فیسٹیول کا اختتام ہوگیا۔

(جاری ہے)

دو روزہ جاری رہنے والے فیسٹیول کے پہلے روز فریحہ پرویز، راشد علی، عباس علی خان، ساجد حسین، استاد نصیر الدین سامعی کے علاوہ شیما کرمانی کے شاگردوں نے عمدہ پرفارمنس پیش کی تھی جبکہ دوسرے روز استاد حامد علی خان سامعین کی توجہ کا مرکز بنے رہے ۔ اس موقع پر سیکریٹری آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، چیرمین یوتھ کمیٹی کاشف گرامی، ڈاکٹر ہما میر، اسجد بخاری، شہناز صدیق، اقبال لطیف، ثمینہ کمال، و دیگر اراکین آرٹس کونسل کی بڑی تعداد موجود تھی۔ محفل رات گئے تک جاری رہی جس میں استاد حامد علی خان نے اپنی منفرد گائیگی سے سامعین کو خوب محظوظ کیا اور انکی فرمائشوں پر نغمے سنائے ۔