کراچی میں انسداد پولیو مہم ایک دن کیلئے ملتوی، بلوچستان میں تین روزہ مہم شروع

پیر 24 مارچ 2014 13:37

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24مارچ 2014ء) کراچی میں آج شروع ہونے والی قومی انسداد پولیو مہم سیکورٹی خدشات کے باعث ملتوی کردی گئی، مہم کل سے شروع ہوگی۔ ملک بھر کی طرح کراچی میں آج سے شروع ہونے والی چار روزہ قومی انسداد پولیو مہم شروع نہ ہوسکی۔حفاظتی ٹیکے لگانے کے توسیعی پروگرام کے ڈائریکٹر مظہر خمیسانی کے مطابق سیکورٹی خدشات کے باعث کراچی میں انسداد پولیو مہم آج شروع نہیں ہوسکی جبکہ سندھ میں مہم شروع کردی گئی ہے۔

کراچی میں یہ مہم کل سے شروع ہوگی اور صرف ان علاقوں میں مہم چلائی جائے گی جہاں پولیو رضا کاروں کو سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔کراچی میں چار روزہ مہم کے دوران 75 لاکھ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب بلوچستان میں تین روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہوگئی ہے ۔ کوئٹہ میں پونے پانچ لاکھ بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے ۔ تین روزہ انسداد پولیومہم کے دوران بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لئے نو سو انیس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔ جو اسپتالوں ، ریلوے اسٹیشن ، ائیر پورٹ ، بس اڈوں اور گھر گھر جاکر بچوں کو قطرے پلائیں گی ۔ پولیو ورکرزکی حفاظت کے لیے بلوچستان کانسٹبیلری کے اہلکار تعینات کئے گئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :