ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ،گروپ بی کے میچ میں بھارت نے ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی

اتوار 23 مارچ 2014 22:31

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2014ء) آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے گروپ بی کے دوسرے میچ میں بھارت نے ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی، بھارتی بالرز کی نپی تلی باؤلنگ کیوجہ سے ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 129رنز بنا سکی جبکہ بھارت نے مطلوبہ ہدف آخری آوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔میرپور کے شیربنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کا ٹاس بھارت نے جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس پر سامی الیون نے اپنے مقررہ بیس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 129رنز بنائے ۔

ویسٹ انڈیزین کھلاڑی بھارتی گیند بازوں کے سامنے شروع سے ہی دبا ؤکا شکار دکھائی دیئے اور آٹھویں اوور میں 38 کے مجموعی اسکور پر ڈین اسمتھ 11 رنز بنا کر اشونت کا شکار بن گئے، دھواں دھار بلے بازی کرنے والے کرس گیل بھی کھل کر نہ کھیل سکے اور 64 کے مجموعے پر 34 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے جس کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا ۔

(جاری ہے)

لینڈی سیمنز 27اور مارلن سموئیلز 18قابل ذکر بیٹسمین تھے۔

بھارتی بالروں نے مقررہ 20 اوورز میں ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز تک ہی محدود رکھا، بھارت کی جانب سے روندرا جدیجا نے 3 اور امیت مشرا نے 2 وکٹیں حاصل کیں، میچ میں بہتری کارکرگی پیش کرنے پر امیت مشرا کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔جواب میں بھارتی بیٹسمینوں نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور میں سیمیول بیڈرے نے شیکر دھاون کو کلین بولڈ کردیا وہ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جس کے بعد روہت شرما اور ویرات کوہلی نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 102 رنز جوڑے اور کوہلی 54 رنز بناکرآندرے رسل کا شکار بن گئے۔ بھارت نے 130 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پرآخری اوور میں حاصل کرلیا۔

متعلقہ عنوان :