بھارت سے دوستی کے مخالف نہیں مگر بغل میں چھری رکھنے والوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے، منور حسن

اتوار 23 مارچ 2014 21:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2014ء) امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا ہے کہ بھارت سے دوستی کے مخالف نہیں ہیں لیکن بغل میں چھری اور منہ میں رام رام کہنے والوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے ۔کراچی میں یوم پاکستان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سید منور حسن کا کہنا تھا کہ بندوق سے نہ تو امن قائم ہو سکتا ہے اور نہ شریعت نافذ اس لئے جماعت اسلامی نے طالبان سے مذاکرات کے حکومتی فیصلے کی دل سے حمایت کی۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بھی آپریشن کے باعث محرومیوں میں اضافہ اور مزاحمت بڑھ رہی ہے، فوجی آپریشن کسی مسئلے کا حل نہیں اور نہ ہی موجودہ حالات میں 18 کروڑ عوام طاقت کے استعمال کے متحمل ہوسکتے ہیں۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف اپنی ٹیم کے اندر طالبان سے مذاکرات مخالف افراد سے خود نمٹیں اور ان حالات میں ایسی کوئی بات نہیں ہونی چاہیئے جس سے مذاکرات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہو تاہم اہل دانش کو مذاکرات کے معاملے میں پھونک پھونک کر آگے قدم بڑھانا چاہئے، انہوں نے کہا کہ ہم ایک ہی شریعت کوجانتے ہیں جوقرآن وسنت کی شریعت ہے جبکہ طالبان ملک کےشہری ہیں لیکن ہتھیارسےشریعت کےنفاذ پراختلاف ہے۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے مزید کہا کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنا چاہیئے، وزیراعظم نوازشریف عوام سے کئے گئے وعدوں کا پاس رکھیں اور کشمیری عوام کی دل آزاری نہ کریں۔

متعلقہ عنوان :