پاکستان کا چہرہ مسخ کرنے والوں کا زمانہ گزر گیا‘ پاکستان اب اپنا کھویا ہوا چہرہ حاصل کر رہا ہے‘ پرویز رشید،ہم آرٹ‘ کلچر‘ مصوری اور شاعری کی وجہ سے دنیا میں جانے جاتے ہیں ‘وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات

اتوار 23 مارچ 2014 21:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ اعلیٰ ثقافتی روایات کی وجہ سے پاکستان اپنا تشخص رکھتا ہے لیکن ماضی میں کچھ عرصہ کے دوران پاکستان کے بہترین تشخص کو مسخ کرنے کی کوشش کی گئی‘ پاکستان کا چہرہ مسخ کرنے والوں کا زمانہ گزر گیا ان کو دنیا نے رد کیا‘ پاکستان اور اسکے عوام نے رد کیا تاہم پاکستان اب اپنا چہرہ حاصل کر رہا ہے جو ہم سے کھویا گیا تھا۔

وہ گزشتہ روز نیئرنگ آرٹ گیلری میں مریم آفتاب کی پینٹنگز اور زرمینا ہارون علی کی فوٹو گرافی پر مبنی نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے

۔ وفاقی وزیر نے مریم آفتاب اور زرمینا ہارون علی کو بہترین کاوش پرمبارکباد پیش کی اور کہا کہ دونوں خواتین نے برش‘ رنگوں اور کیمرہ کی آنکھ سے پاکستان کی خوبصورتی کو ہم تک پہنچایا اور پاکستان کی خوبصورتی کو اجاگر کرنے کی کوشش ہے جو کہ لائق تحسین ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے اور یہاں کی ثقافت‘ چیزیں اور لوگ بھی خوبصورت ہیں اور ہمارے اسی اصل چہرہ کی وجہ سے دنیا صدیوں سے جانتی ہے لیکن بدقسمتی سے ماضی میں 5 سے 10 سال کا وقت ایسا آیا کہ ہم اپنی شناخت کھو رہے تھے اور ہم اپنی موسیقی‘ مصوری سے محروم ہوتے چلے جارہے تھے اور ایک بھیانک شکل دنیا کے سامنے ہماری نظر آنی شروع ہو گئی تھی۔

ایسی صورتحال میں مریم آفتاب اور زرمینا ہارون علی نے پاکستان کی نہ صرف اصل شکل کو زندہ کیا بلکہ ہمارا خوبصورت‘ انسان دوست‘ امن اور پیار کا چہرہ دنیا کی آنکھوں کے سامنے لایا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا چہرہ مسخ کرنے والوں کا زمانہ گزر گیا اور ان کو دنیا نے رد کیا‘ پاکستان اور اسکے عوام نے رد کیا تاہم پاکستان اب اپنا چہرہ حاصل کر رہا ہے جو ہم سے کھویا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم آرٹ‘ کلچر‘ مصوری اور شاعری کی وجہ سے دنیا میں جانے جاتے ہیں اور دنیا کی کوئی آرٹ گیلری ایسی نہیں ہو گی جہاں ہمارے لوگوں کے مصوری کے نمونے نہ ہوں اور دنیا میں کہیں کوئی ایسا ریکارڈنگ سسٹم نہیں ہو گا جہاں سے ہمارے لوگوں کی موسیقی نہ سنی جاتی ہو۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی سٹیٹ اور پاکستانی سوسائٹی دونوں ایسے مصوروں کے ساتھ ہیں جو پاکستان کا اصل چہرہ دنیا میں اجاگر کر رہے ہیں اور ان کے ساتھ نہیں جنہوں نے پاکستان کا اصل چہرہ مسخ کر ڈالا۔ قبل ازیں وفاقی وزیر نے نمائش کا افتتاح کیا اور نمائش میں رکھی گئی پینٹنگز اور فوٹو گرافی کو سراہا۔