Live Updates

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی مزاراقبال پر حاضری، پھولو ں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، وزیٹرز بک میں تاثرات درج کئے، وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں ملک کو مسائل سے نکالیں گے ، پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کریگا،شہبازشریف،ہمسایہ ملکوں سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں، ایک برس بعد 1300میگاواٹ سے زائد بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو گی، وزیراعلیٰ کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 23 مارچ 2014 19:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے یوم پاکستان کے موقع پر شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری دی۔ انہوں نے حکیم الامت کے مزار پر پھولو ں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کرتے ہوئے شاعر مشرق کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو بے پناہ چیلنجز اور مسائل کا سامنا ہے۔

علامہ اقبال کے افکار پر عمل پیرا ہو کر ملک و قوم کو مسائل سے نجات دلائی جا سکتی ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک کو مسائل سے نکالیں گے اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستان اقوام عالم میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان پر راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے لاہور کی طرح راولپنڈی اسلام آباد کے لاکھوں شہریوں کو باکفایت، آرام دہ اور تیز رفتار سفری سہولتیں میسر آئیں گی۔

راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ پر دن رات کام ہوگا۔ یہ منصوبہ یوم پاکستان پر قوم کیلئے تحفہ ہے۔ ایک سوال پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ آزادی اظہار کا ہر ایک کو حق حاصل ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہمسایہ ملکوں سے اچھے تعلقات چاہتی ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایک برس بعد 1300میگاواٹ سے زائد بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو گی۔

چولستان میں 100میگاواٹ کے سولر منصوبے پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے اور اس سال کے آخر تک یہ منصوبہ بجلی کی پیداوار شروع کر دے گا۔ اسی طرح نندی پور پاور پراجیکٹ سے 450 میگاواٹ بجلی رواں برس حاصل ہوگی جبکہ گدو پاور پلانٹ سے 750 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی اور یہ تمام منصوبے ایک برس تک مکمل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ہر قدم ترقی و خوشحالی کی منزل کے حصول کی جانب اٹھ رہا ہے۔

23 مارچ 1940 کو ہمارے بزرگوں نے منٹو پارک میں جو تاریخ ساز قرارداد منظور کی اسی کی بدولت برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کو علیحدہ وطن نصیب ہوا لیکن آج تک آزادی کے ثمرات سے ہم استفادہ نہیں کرسکے۔ میں آج کے تاریخی دن کے موقع پر یقین دلاتا ہوں کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک و قوم کو درپیش مسائل حل کرکے دم لیں گے اور اقوام عالم میں پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ ضرور حاصل کرے گا۔ اس موقع پر صوبائی وزراء عطا مانیکا، سید ہارون سلطان، ذکیہ شاہنواز، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی پرویز ملک، مہر اشتیاق، خواجہ عمران نذیر اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات