تعلیمی اداروں کی کارکردگی کومزیدبہتربنانا وقت کی اہم ضرورت ہے،انجینئرشوکت اللہ گورنر خیبرپختونخوا

اتوار 23 مارچ 2014 16:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2014ء) خیبر پختونخوا کے گورنر انجینئرشوکت اللہ نے گورنر ہاؤس پشاور میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی ، پشاور؛کوہاٹ یو نیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، کوہاٹ اور انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز، حیات آباد پشاور کے حال ہی میں منعقدہ جلسہ تقسیم اسناد میں طلائی تمغے حا صل کرنے والے طلباء و طالبات کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔

تقریب میں صوبائی وزیر صحت شوکت یوسفزئی، اعزازات حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کے والدین اور متعلقہ تعلیمی اداروں کے سینیئر اساتذہ نے بھی شرکت کی۔ گورنر نے اس مو قع پر خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد حفیظ اللہ اور انسٹیٹیوٹ آف منیجمنٹ سائنسزکے ڈائرکٹر ڈاکٹر محمد محسن کے ہمراہ اعزازات حا صل کرنے والے طلباء و طالبات کو ہر طلائی تمغے کے ہمراہ اپنی جانب سے دس ہزار روپے کی نقد رقم انعام کے طور پر دی۔

(جاری ہے)

اس مو قع پر خطاب کر تے ہو ئے گورنر نے باصلاحیت طلباء و طالبات کی قابل ذکر کامیابی ممکن بنانے کے سلسلے میں معیاری پرائمری تعلیم کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس شعبے پر خاطر خواہ توجہ دی جا ئے۔ انہوں نے اعلی تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل ہو نیوالے طلباء و طالبات کو بھی تاکید کی کہ وہ اپنے قرب و جوار میں واقع تعلیمی اداروں کے پرائمری سطح کے طلباء و طالبات کی معیاری تعلیم ممکن بنانے کیلئے بھر پور کردار ادا کریں۔

شوکت علی یوسفزئی نے اس مو قع پر خطاب کر تے ہو ئے اعلی تعلیمی اداروں کے با صلا حیت طلباء و طالبات کی کامیابیوں کا باوقار انداز سے اعتراف کر نے پر گورنر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ تسلسل جاری رکھنے سے طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے اعزازات حا صل کرنے والوں میں طالبات کی تعداد زیادہ ہو نے پر خو شی کا اظہار کیا ۔

تاہم انہوں نے یہ توقع ظاہر کی کہ آئندہ طلباء بھی اور زیادہ توجہ دیں گے اور اپنی تعداد میں اضافہ ممکن بنا ئیں گے۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ تعلیمی اداروں کے سالانہ جلسے باقاعدگی کے ساتھ منعقد کئے جا ئیں۔قبل ازیں خیبر میڈیکل یو نیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد حفیظ اللہ نے اس مو قع پر خطاب کرتے ہو ئے تقریب کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ یہ در حقیقت میرٹ کا بہترین اعتراف اور باصلاحیت طلباء و طالبات کی عمدہ انداز سے ستائش ہے۔

متعلقہ عنوان :