یوم پاکستان،گورنرہاؤس پشاورمیں تقریب کاانعقاد،صوبے کی نو شخصیات کو ان کی اپنے متعلقہ شعبوں میں مثالی خدمات کے اعتراف میں تمغہ امتیاز سے نوازاگیا

اتوار 23 مارچ 2014 16:10

پشاور(رحمت اللہ شباب.اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2014ء) صدراسلامی جمہوریہ پاکستان ممنون حسین کی جانب سے گورنر خیبرپختونخوا انجینئرشوکت اللہ نے صوبے کی نو شخصیات کو ان کی اپنے متعلقہ شعبوں میں مثالی خدمات کے اعتراف میں یوم پاکستان23 مارچ کو گورنر ہاوس پشاور میں منعقدہ تقریب میں تمغہ امتیاز سے عطا کیا۔ تقریب میں صوبائی کابینہ کے بعض اراکین صوبے اور فاٹا سے تعلق رکھنے والے بعض اراکین پارلیمنٹ ،اعلی سرکاری حکام اور اعزازات وصول کرنے والی شخصیات کی عزیزواقارب نے شرکت کی۔

پروفیسر ڈاکٹرامین بادشاہ اورپروفیسر ڈاکٹرجاسمین شاہ کو سائنس اورکیمیا کے شعبے میں ان کی گرانقدر خدمات کے صلے میں تمغہ امتیاز عطا کیاگیا جبکہ پروفیسر ڈاکٹرظہوراحمد سواتی نے زراعت اورنباتات کے شعبے میں اپنی غیرمعمولی تحقیقی خدمات کے اعتراف میں تمغہ امتیاز حاصل کیا۔

(جاری ہے)

اسطرح ڈاکٹرشریف اللہ نے کمپیوٹر سائنس کے شعبے میں غیرمعمولی تحقیقی خدمات کے اعتراف میں تمغہ امتیاز حاصل کیا جبکہ جناب اختر نعیم خان نے درس وتدریس کے شعبے میں اپنی مثالی خدمات کے اعتراف میں تمغہ امتیاز حاصل کیا۔

موسیقی کے شعبے میں غیرمعمولی خدمات کے اعتراف میں تمغہ امتیاز نذیر گل کو دیاگیا جبکہ ادب کے میدان میں پروفیسر ڈاکٹر نذیراحمد تبسم نے اپنی گرانقدر خدمات کے صلے میں تمغہ امتیاز حاصل کیا۔ مزیدبرآں خدمات کے شعبے میں ڈاکٹربخت جمال اورڈاکٹر محمدنعیم کو سوات اورشانگلہ میں مشکل ترین حالات میں بے لوث اورجرائتمندانہ انہ انداز سے خدمات سرانجام دینے پر تمغہ امتیاز عطا کیاگیا۔بعدازاں گورنر تقریب کے شرکاء کے ساتھ گھل مل گئے اوراعزازات حاصل کرنے والی شخصیات کو مبارکباد دی۔

متعلقہ عنوان :