کراچی میں بدامنی کا تسلسل جاری ،ہفتہ کو بھی فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 5افراد کو گولیاں مارکر قتل کردیا گیا

ہفتہ 22 مارچ 2014 19:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22مارچ۔2014ء) کراچی میں بدامنی کا تسلسل جاری ،ہفتہ کو بھی فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 5افراد کو گولیاں مارکر قتل کردیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق نیو کراچی تھانے کی حدود سیکٹر 11-Lنزد نابینا اسکول بسم اللہ سپرجنرل اسٹور پر مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے دکان کے مالک 40سالہ ہارون ولد واجد رئیس کو قتل کردیا ۔

مقتول تین بھائیوں اور تین بہنوں میں سب سے بڑا تھا ۔مقتول کی ڈیڑھ سال قبل شادی ہوئی تھی اور وہ ایک بچے کا باپ تھا ۔پولیس کے مطابق واقعہ فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ ہے ۔اس سے قبل بھی اس علاقے میں فرقہ وارانہ بنیاد پر لوگوں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے ۔چاکیواڑہ تھانے کی حدود نزد میراں ناکہ بے نظیر پلازہ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے 30سالہ شخص کو گولیاں مارکر ہلاک کردیا ۔

(جاری ہے)

تاہم نوجوان کی تاحال شناخت نہ ہوسکی ۔مقتول حلیے سے سندھی معلوم ہوتا ہے ۔لاش کو ضابطے کی کارروائی کے ایدھی سردخانے منتقل کردیا گیا ہے ۔

شیرشاہ تھانے کی حدود اکبر روڈ کباڑ مارکیٹ کے قریب نالے سے 22سالہ نوجان کی تشدد زدہ گولیاں لگی لاش ملی ۔مقتول نے پینٹ شرٹ پہن رکھی ہے اور حلیے بنگالی معلوم ہوتا ہے ۔پاک کالونی تھانے کی حدود میوہ شاہ قبرستان تاج الدین بابا کے مزار والی گلی حسن اولیاء چوک کے قریب سے 32سالہ نوجوان کی گولیاں لگی لاش ملی ۔

تاہم نوجوان شناخت نہ ہوسکی ۔مقتول حلیے سے اردو اسپیکنگ معلوم ہوتا ہے ۔پاک کالونی تھانے کی حدود میوہ شاہ قبرستان سے 25سالہ نامعلوم شخص کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی۔پولیس کے مطابق مقتول نشے کا عادی اور حلیے سے بلوچ معلوم ہوتا ہے ۔شبہ ہے کہ مقتول کومخبری کے شبے میں قتل کیا گیاہے ۔سائٹ اے تھانے کی حدود پٹھان کالونی مستان چالی کے قریب گھر میں نامعلوم افراد کریکر پھینک دیا ،جس کے پھٹنے سے 50سالہ غفور ،اس کی اہلیہ 40سالہ ممتاز ،بیٹا ساجد اور بیٹی صاحب نور زخمی ہوگئے ،پولیس کے مطابق مضروب کا تعلق عوامی نیشنل پارٹی سے ہے اور اس علاقے کا سابق کونسلر ہے۔صدر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ذیشان نامی نوجوان زخمی ہوگیا ۔

متعلقہ عنوان :