جیلوں کے عملے کی جانب سے بھتہ لئے جانے کے حوالے سے کسی رپورٹ کی تیاری کا علم نہیں ‘ وزیر جیل خانہ جات ،یہ نہیں کہتا کہ محکمے سے کرپشن کا خاتمہ ہو گیا لیکن کمی ضرور ہوئی ہے ،آئندہ مالی سال میں تمام جیلوں میں جیمبرز لگا دئیے جائینگے‘ عبد الوحید چوہدری

ہفتہ 22 مارچ 2014 19:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22مارچ۔2014ء) صوبائی وزیر جیل خانہ جات عبد الوحیدچوہدر ی نے جیلوں کے عملے کی جانب سے ماہانہ لاکھوں روپے بھتہ لئے جانے کے حوالے سے کسی رپورٹ کی تیاری سے لا علمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں یہ نہیں کہتا کہ محکمے سے کرپشن کا خاتمہ ہو گیا لیکن اس میں کمی ضرور ہوئی ہے ، مالی سال 2014-15ء میں تمام جیلوں میں جیمبرز کی تنصیب کا کام مکمل کر لیا جائے گا ۔

ہفتہ کے روز ” این این آئی “ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر جیل خانہ جات نے کہا کہ میرے علم میں ہرگز ایسی کوئی بات نہیں ہے کہ جیلوں میں عملے کی جانب سے بھتہ لیے جانے کے حوالے سے رپورٹ تیار کر کے بھجوائی گئی ہے ۔ وزارت سنبھالنے کے بعد جیلوں میں اس وباء کے خاتمے کے لئے اچانک دوروں کے علاوہ دیگر ذرائع سے بھی اس سے نمٹنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

میں یہ نہیں کہتا کہ محکمہ جیل خانہ جات میں کرپشن سرے سے ختم ہو گئی ہے لیکن موجودہ حکومت کے اقدامات سے اس میں کمی ضرور واقع ہوئی ہے اور ہم اسے جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پر عزم ہیں۔ وزیر جیل خانہ جات نے بتایا کہ رواں مالی سال میں 12جیلوں میں جیمبرز کی تنصیب کا کام مکمل کر لیا جائیگا جبکہ آئندہ مالی سال میں صوبے کی تمام جیلوں میں جیمبرز لگا دئیے جائیں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک سرکاری رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پنجاب کی 32 جیلوں کا عملہ ماہانہ لاکھوں روپے بھتہ لیتا ہے اور اسکی رپورٹ وزیر اعلیٰ ،چیف سیکرٹری سمیت دیگر حکام کو ارسال کر دی گئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :