حکومتی مذاکراتی کمیٹی اور طالبان قیادت بنوں ایف آر میں ملاقات کریں گے ، ملاقات میں قیدیوں کی رہائی،فوج کا انخلاء ، مستقل سیزفائرسمیت دیگرامورپرغورکیا جائے گا

ہفتہ 22 مارچ 2014 18:48

حکومتی مذاکراتی کمیٹی اور طالبان قیادت بنوں ایف آر میں ملاقات کریں ..

اسلام آباد (رحمت اللہ شباب۔ اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22مارچ۔2014ء) حکومتی مذاکراتی کمیٹی اورطالبان قیادت کے درمیان ملاقات کے لئے جگہ اوروقت کا تعین کرلیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات بنوں ایف آرمیں ہوگی۔ ملاقات میں قیدیوں کی رہائی،فوج کا انخلاء ، مستقل سیزفائرسمیت دیگرامورپرغورکیا جائے گا۔وزیرداخلہ چودھری نثارکی سربراہی میں حکومتی اورطالبان رابطہ کمیٹیوں کے درمیان پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات ہوئی ۔

دو گھنٹے جاری رہنے والی ملاقات میں حکومتی کمیٹی کی طالبان قیادت سے ملاقات کی جگہ اوروقت، قیدیوں کی رہائی سمیت دیگر معاملات پرغورکیا گیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طالبان مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ حکومتی کمیٹی کی طالبان قیادت سے ملاقات کے لئے اتفاق رائے سے جگہ کا تعین کرلیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ سیکورٹی نقطہ نظرسے ملاقات کا مقام خفیہ رکھا جا رہا ہے۔

ملاقات میں طالبان کمیٹی کے اراکین بھی موجود ہوں گے۔ مولانا سمیع الحق کا کہنا تھا کہ طالبان سے براہ راست مذاکرات تین دن میں شروع ہوجائیں گے جس میں قیدیوں کی رہائی سمیت دیگرمطالبات اورایشوزپربات چیت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی کمیٹی اورطالبان نے ملاقات کے حوالے سے کوئی ضمانت نہیں مانگی۔ طالبان کمیٹی کی ملاقات میں موجودگی ہی سکیورٹی کی ضمانت ہے۔ حکومت طالبان مذاکرات میں فوج کے نمائندے کی موجودگی کے سوال پر مولانا سمیع الحق مسکرا کرخاموش ہو گئے اورجواب دینے سے گریزکیا۔یاد رہے کہ اُردو پوائنٹ کو پہلے ہی اپنے قارئین کو ملاقات کے مقام بارے آگاہ کر چکا ہے ۔

متعلقہ عنوان :