عوام احیائے نظریہ پاکستان کے سلسلہ میں ہونیوالے پروگراموں میں بھرپور انداز میں شریک ہو‘ امیر جماعتہ الدعوة

ہفتہ 22 مارچ 2014 18:09

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22مارچ 2014ء امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعیدنے گذشتہ روز مینار پاکستان گراؤنڈ کا دورہ کیا اور احیائے نظریہ پاکستان مارچ کے سلسلہ میں کی جانے والی تیاریوں و انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ امیر جماعةالدعوة لاہور مولانا ابو الہاشم، مولانا محمد ادریس فاروقی،احسان الٰہی وٹوودیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

23مارچ کو مینار پاکستان سے صبح دس بجے شروع ہونے والے نظریہ پاکستان مارچ کے حوالہ سے وسیع پیمانے پر تیاریاں و انتظامات کئے گئے ہیں۔لاہور اور اس کے گردونواح سے تمامتر مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لاکھوں افرادمینار پاکستان پہنچ کر ملکی سلامتی و استحکام کیلئے کردار ادا کرنے کا عزم کریں گے اورپھر مسجد شہداء مال روڈ کی جانب مارچ کیاجائے گا جس کے اختتام پر ایک بڑا جلسہ عام ہو گا جس میں ملک بھر کی مذہبی وسیاسی جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے۔

(جاری ہے)

حافظ محمد سعید کے مینار پاکستان گراؤنڈ کے دورہ کے دوران امیر جماعةالدعوة لاہور مولانا ابو الہاشم نے انہیں نظریہ پاکستان مارچ کی تیاریوں و انتظامات اور سکیورٹی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ جماعةالدعوة کے ہزاروں کارکنان نظریہ پاکستان مارچ کے حوالہ سے سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ شہر بھر میں نظریہ پاکستان کے سلسلہ میں بڑے ہورڈنگز، خوبصورت بینرزاور پرچم لگائے گئے ہیں۔

لاہور میں سینکڑوں مقامات پر سے شرکاء کے قافلے ترتیب دیے گئے ہیں مقامی ذمہ داران اور علماء کرام مساجدومدارس اور گلی محلوں سے قافلوں کی قیادت کرتے ہوئے مینار پاکستان پہنچیں تاکہ بہترین نظم و ضبط برقرار رکھاجا سکے۔جماعةالدعوة کی جانب سے نظریہ پاکستان مارچ کے حوالہ سے لاہور اور اس کے گردونواح میں زبردست تشہیری مہم چلائی گئی ہے شہر کی تمام شاہراہیں، پبلک مقامات اور گلی محلے اشتہارات،بینروں، ہورڈنگز اور سائن بورڈز سے سجے نظر آتے ہیں۔

جماعةالدعوة نے شاہراہ قائد اعظم سمیت بیسیوں مقامات پر استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ہیں درجنوں گاڑیوں پر لاؤڈ سپیکر لگا کر اعلانات کئے جارہے ہیں کانفرنس میں شرکت کیلئے صوبائی دارالحکومت لاہور کے رہائشیوں میں نظریہ پاکستان مارچ میں شرکت کیلئے زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے ۔ المحمدیہ سٹوڈنٹس اور دیگر طلباء تنظیموں کے ہزاروں طلباء بھی مارچ میں شرکت کریں گے۔امیر جماعةالدعوة حافظ محمد سعید نے پاکستانی قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک بھر میں احیائے نظریہ پاکستان کے سلسلہ میں ہونے والے پروگراموں میں بھرپور انداز میں شریک ہوں ۔

متعلقہ عنوان :