حکومت کی اعلیٰ شخصیات پاکستانی فوج کہیں نہ بھیجنے کی وضاحت کر چکے ہیں ‘ وفاقی وزیر دفاعی پیداوار

ہفتہ 22 مارچ 2014 18:06

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22مارچ 2014ء وفاقی وزیر دفاعی پیداواررانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان سے نہ کسی ملک نے فوج مانگی ہے نہ ہم بھیج رہے ہیں ،وزیراعظم ، وزیرخزانہ اور وزیر خارجہ اسکی وضاحت کر چکے ہیں کہ ڈیڑھ ارب ڈالر کے بدلے فوج بھیجنے کی باتیں قطعاًدرست نہیں ، خلیج کے ممالک ہمارے دوست ہیں او رانہوں نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے ہمیں اپنے دوستوں کے بارے میں ایسی باتیں نہیں کرنی چاہئیں۔

وہ ہفتہ کے روز پنجاب یونیورسٹی میں شرقپور شریف کیلئے شٹل سروس کے آغاز کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے ہر وقت تیار ہے، خصوصاپنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے تیاریاں مکمل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا وژن تعلیم کو آگے لے کر جانا ہے اس مقصد کیلئے حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ شہبازشریف نے تعلیم کے شعبے میں گزشتہ پانچ سالوں میں بہت کام کیا ہے اور اب بھی اس شعبہ کیلئے وافر فنڈز رکھے جا رہے ہیں ۔ طلبہ و طالبات کو وظائف دیئے جا رہے ہیں اور طلبہ کی تعلیمی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے لیپ ٹاپ تقسیم ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آنے والے پانچ سالوں میں ہر شعبہ میں ترقی واضح نظر آئے گی۔انرجی بحران کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت دس ماہ کے مختصر عرصہ میں دو ہزار میگا واٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل کر چکی ہے جبکہ مئی تک مزید ایک ہزار میگا واٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہو جائے گی۔

ترقی کا جو سفر موجودہ حکومت نے شروع کیا ہے اسے رکنے نہیں دیں گے۔ نہ صرف بجلی کی کمی پوری کریں گے بلکہ وافر مقدار میں بجلی پیدا کریں گے۔انہوں نے طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت ملک میں امن و امان کے قیام کے لئے انتہائی سنجیدہ ہے ۔ حکومت کا عزم ہے کہ طالبان کے جو گروہ مذاکرات کریں گے ان سے بات کی جائے گی اور جو شرپسند کارروائیاں کریں گے ان سے اسی زبان میں بات کی جائے گی۔

شٹل سروس کے افتتاح کے موقع پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر مجاہد کامران بھی موجود تھے ۔ وفاقی وزیر نے شرقپور کیلئے شٹل سروس چلانے پر ڈاکٹر مجاہد کامران کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس شٹل سروس سے نزدیکی علاقوں سے آنے والے طلبہ و طالبات کو بہت فائدہ ہو گا۔

متعلقہ عنوان :