پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے ایم کیو ایم سے مزید رابطے بڑھانے کی ہدایت کردی،بلاول ہاؤس میں سابق صدر آصف علی زرداری سے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ملاقات کی،وزیراعلیٰ سندھ نے آصف علی زرداری کو تھر میں قحط سالی کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر حکومت سندھ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی

جمعہ 21 مارچ 2014 22:51

پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے ایم کیو ایم سے مزید رابطے ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) سے مزید رابطے بڑھانے کی ہدایت کردی ہے ۔ باخبر ذرائع کے مطابق جمعہ کو بلاول ہاؤس میں سابق صدر آصف علی زرداری سے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ملاقات کی۔

ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ نے آصف علی زرداری کو تھر میں قحط سالی کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر حکومت سندھ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔ ملاقات میں دبئی میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان ہونے والے مذاکرات اور سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ تھر کے عوام کو موجودہ صورتحال میں تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کی بحالی وآبادکاری کے لئے پیپلز پارٹی اور حکومت سندھ ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو ہدایت کی کہ عوام کی بحالی کے لئے ریلیف پیکیج کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا اور قحط سے متاثرہ عوام کو گندم کی فراہمی کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے ۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ حکومت سندھ تھر کے علاقے میں میٹھے پانی کی فراہمی کے لئے آر او پلانٹ کے منصوبے کو تیز رفتاری سے مکمل کرے اور تھر کے تمام علاقوں میں فوری طور پر ان پلانٹس کی تنصیب کا کام مکمل کیا جائے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ مٹھی اسپتال کو اپ گریڈیشن کیا جائے اور وہاں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی تعیناتی کے علاوہ ادویات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے جبکہ جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء میں امدادی رقوم فوری تقسیم کی جائے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ تھر میں کارڈیو اسپتال کے منصوبے پر بھی کام کیا جائے جبکہ بچوں میں پولیو سمیت حفاظتی ٹیکہ جات لگانے کی مہم کو تیز رفتاری کے ساتھ مکمل کیا جائے۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ جانوروں میں چارے کی فراہمی کے علاوہ ان میں بیماریوں سے بچاؤ کے لئے یہ ویکسی نیشن مہم شروع کی جائے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ تھر کے عوام کو آئندہ ایسی صورتحال سے محفوظ رکھنے کے لئے حکومت سندھ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر ایک جامع حکمت عملی مرتب کرے۔ سابق صدر نے واضح کیا کہ وہ جلد تھر کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیں گے۔

سابق صدر نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ اس کام میں غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں دبئی میں ہونے والے ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے درمیان ہونے والے مذاکرات پر بھی غور کیا گیا اور اس حوالے سے اتفاق کیا گیا کہ ایم کیو ایم کی سندھ حکومت میں ممکنہ شمولیت اور دیگر امور پر ہونے والی بات چیت کے دائرہ کار کو مزید بڑھایا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو ہدایت کی کہ صوبے میں مفاہمتی عمل کے تحت ایم کیو ایم اور دیگر جماعتوں سے رابطوں کو تیز کیا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں سابق صدر آصف علی زرداری کو کراچی میں امن وامان کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر سابق صدر کا کہنا ہے کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہونی چاہئے اور کراچی میں مستقل قیام امن کے لئے حکومت سندھ بھرپور اقدامات کرے ۔