خیبرپختونخوااسمبلی نے صوبہ ہزارہ اور صوبے کے نام کوتبدیل کرکے ہزارہ پختونخوارکھنے کے حوالے سے دوقراردادیں منظورکرلیں

جمعہ 21 مارچ 2014 22:01

خیبرپختونخوااسمبلی نے صوبہ ہزارہ اور صوبے کے نام کوتبدیل کرکے ہزارہ ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2014ء)خیبرپختونخوااسمبلی نے صوبہ ہزارہ کے قیام اور صوبے کے نام کوتبدیل کرکے ہزارہ پختونخوارکھنے کے حوالے سے دوقراردادیں منظورکرلیں،صوبائی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پہلے ہزارہ سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی اورسابق وزیرسردارادریس نے ایک قرار داد پیش کی جس میں وفاقی حکومت سے سفارش کی گئی تھی کہ آئین پاکستان وحدت پاکستان کے اندر انتظامی بنیاد پر نئے صوبوں کے قیام کی ممانعت نہیں کرتااسلئے ایوان حکومت سے سفارش کرتاہے کہ انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کے قیام کی حقیقی ضرورت کے مطابق قومی اتفاق رائے سے نئے انتظامی یونٹ بشمول صوبہ ہزارہ کے قیام کیلئے مرکزی حکومت آئین پاکستان میں ترمیم کابل قومی اسمبلی یا پارلیمنٹ میں پیش کرے اورجلدازجلد کمیشن کاقیام عمل میں لایاجائے۔

(جاری ہے)

اے این پی نے اس کی بھرپورمخالفت کی مخالفت کرنیوالوں میں ن لیگ کے ارباب اکبرحیات اورکئی دیگراراکین بھی شامل تھے قرار داد کی منظوری کے بعد صوبائی وزیرصحت شوکت یوسفزئی نے ایک اور قرار داد پیش کی کہ جس میں کہاگیاتھاکہ سابقہ دور کی غلطیوں کی وجہ سے ہزارہ کے عوام محرومیوں کا شکار ہوگئے اور اپنے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کی وجہ سے وہ سڑکوں پر نکل آئے اس لئے صوبے کانام خیبرپختونخواسے تبدیل کرکے ہزارہ پختونخوا رکھاجائے یہ قرار داد بھی کثرت رائے سے ایوان نے منظور کرلی۔