صدر کے ری ہبلی ٹیشن کے منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھانے کے لئے وسائل مہیا کر دیئے گئے ہیں ، گورنر سندھ ،منصوبے کے پہلے مرحلے میں صدر کو ہر قسم کے تجاوزات سے پاک کرنا اور اسے ٹریفک فری بنانا ہے ، اجلاس سے خطاب

جمعہ 21 مارچ 2014 22:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2014ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے ایمپریس مارکیٹ اور اس سے ملحقہ علاقوں بشمول صدر کو اس کے قدیم ثقافتی مزاج کے مطابق ڈھالنے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ صدر کے ری ہبلی ٹیشن کے منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھانے کے لئے وسائل مہیا کر دئے گئے ہیں لہذا اس منصوبے کو مقررہ وقت سے قبل تکمیل تک پہنچانا ہی اس منصوبے کی کامیابی ہے انھوں نے کہا کہ صدر اور ایمپریس مارکیٹ کا علاقہ صدیوں سے نہ صرف کراچی کا اہم تجارتی مرکز رہا ہے بلکہ یہ کراچی شہر کا دل ہے انھوں نے کہ تمام ترقی یافتہ ممالک میں شہر کا قلب یعنی down town کو ماحولیاتی خوبصورتی اور جدیدیت کی علامت سمجھا جاتا ہے شہر کے قلب کو دیکھ کر ہی شہر اور ملک کی ترقی کا اندازہ لگایا جاتاہے انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی اور اس کا دل صدر پسماندگی کی علامت بنا ہوا ہے جب کہ روزانہ لاکھوں افراد یہاں روزگار ، تجارت اور خرید و فروخت کے لئے آتے ہیں۔

(جاری ہے)

صرف صدر کے علاقے سے ملکی خزانے کو بھاری ٹیکس میسر آتا ہے انہوں کہا کہ صدر کو پورے ملک کے لئے ICONبنانا ان کاوژن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کا اژدھام اور لاکھوں افراد کی آمد و رفت اس بات کا تقضہ کرتی ہے کہ اس منصوبہ کو انتہائی احتیاط اور فول پروف انداز میں تیز رفتاری کے ساتھ آگے بڑھایا جائے ۔ اس موقع پر گورنر سندھ کو بتایا گیا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں صدر کو ہر قسم کے تجاوزات سے پاک کرنا اور اسے ٹریفک فری بنانا ہے جس کے لئے صدر میں داخل ہونے والی پبلک ٹرانسپورٹ کو متبادل راستوں سے باہر لے جانا اور پارکنگ پلازہ کے مدد سے صدر آنے والے تاجر اور خریداروں کو ان کی گاڑیوں کے لئے پارکنگ کی سہولیات مہیا کرنا اس منصوبے کا آغاز ہے جسے23 مارچ سے لاگو کر دیا جائے گا ۔

منصوبہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے بنایا گیا ہے جس کی تکمیل سے نہ صرف صدر کے رہائشی اور تاجروں کو فائدہ پہنچے گا بلکہ صدر آنے والے افرادکو خریداری اور تفریح کے لئے بہترین ماحول میسر ہوگا اس موقع پر گورنر سندھ کو پیش رفت سے تفصیلی طور پرآگاہ کیا گیا ۔اجلاس میں کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی ،ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی، CPLC چیف احمد چنائے اور دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر گورنر سندھ کو بتایا گیا کہ ایمپریس مارکیٹ سے ملحقہ شہاب الدین مارکیٹ کی تکمیل سے صدر میں 2000 گاڑیوں کی اضافی پارکنگ میسر آسکے گی۔

متعلقہ عنوان :