غداری کیس ،مشرف کے وکیل رانا اعجاز نے تحریری معافی عدالت میں نامہ جمع کرادیا ،قبول کر لیا گیا

جمعہ 21 مارچ 2014 21:14

اسلام آ باد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2014ء) غداری کیس میں پرویز مشرف کے وکیل رانا اعجاز نے خصوصی عدالت اور اس کے ججز کو کرائے کا قاتل کہنے پر تحریری معافی عدالت میں نامہ جمع کرادیا ہے۔سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر کامران مرتضی نے غداری کیس میں پرویز مشرف کے وکیل رانا اعجاز کا تحریری معافی نامہ خصوصی عدالت میں جمع کرایا جس پر خصوصی عدالت کے چیف جسٹس فیصل عرب نے انہیں عدالت میں روسٹم پر بلا لیا۔

(جاری ہے)

ایڈوکیٹ رانا اعجاز کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ان سے جو غلطی ہوئی اس پر انہوں نے تحریری معافی نامہ جمع کرا دیا ہے، آئندہ کے لئے بھی محتاط رہیں گے۔ خصوصی عدالت نے رانا اعجاز کا معافی نامہ قبول کرتے ہوئے انہیں عدالتی کارروائی کا حصہ بننے کی اجازت دے دی۔واضح رہے کہ چند روز قبل غداری کیس کی سماعت کے دوران رانا اعجاز نے خصوصی عدالت اور اس کے ججز کو کرائے کا قاتل کہا تھا جس پر جسٹس فیصل عرب نے ان کے عدالت میں داخلے پر پابندی لگا دی تھی۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اور پاکستان بار ایسوسی ایشن نے بھی ان کے خلاف انضباطی کارروائی کا حکم دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :