غداری کیس سے علیحدگی اختیار کی ہے اور نہ میرا کوئی ایسا ارادہ ہے‘ اکرم شیخ،اس کیس کے بدلے وزیر اعظم سے پلاٹ نہیں لینا ،ٹوکن فیس کے طور پر 999 روپے طے کئے ہیں،پرویز مشرف ایک بہادر جرنیل ہیں انہیں عدالت کے روبرو پیش ہونا چاہیے ‘ غداری کیس میں حکومت کے پراسیکیوٹر کی پریس کانفرنس

جمعہ 21 مارچ 2014 21:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2014ء) سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف غداری کیس میں حکومت کے پراسیکیوٹر اکرم شیخ نے کہا ہے کہ غداری کیس سے علیحدگی اختیار کی ہے اور نہ میرا کوئی ایسا ارادہ ہے ،اس کیس کے بدلے وزیر اعظم سے پلاٹ نہیں لینا بلکہ میں نے اس کیس کو لڑنے کیلئے ٹوکن فیس کے طور پر 999 روپے طے کئے ہیں،پرویز مشرف ایک بہادر جرنیل ہیں انہیں عدالت کے روبرو پیش ہونا چاہیے ،خصوصی عدالت میں زیر سماعت غداری کے مقدمے کا سیاست یا کسی ملکی ادارے سے کوئی تعلق نہیں بلکہ یہ خالصتاً ضابطہ فوجداری کا کیس ہے۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے جمعہ کے روز اپنے چیمبر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ اکرم شیخ نے کہا کہ میڈیا میں آنے والی ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں کہ میں اس کیس سے علیحدہ ہو گیا ہوں ،میں اس کیس کو منطقی انجام تک لے جانا چاہتا ہوں اور کسی صورت اس کیس سے علیحدگی اختیار نہیں کروں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میری پرویز مشرف کے ساتھ کسی قسم کی ذاتی رنجش نہیں تاہم میری موجودگی میں وہ عدالت میں پیش ہونے سے گریزاں ہیں۔

میں اس کیس میں صرف حکومت کا پراسیکیوٹر ہوں اور اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داری کی حد تک کیس لڑ رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میرا حکومت سے کوئی ذاتی تعلق نہیں اور نہ ہی میں نے وزیر اعظم محمد نواز شریف سے کوئی پلاٹ لینا ہے ۔کوئی ملکی ادارہ پرویز مشرف کی پشت پناہی نہیں کر رہا اور نہ ہی کوئی ایسا اقدام کریگا۔ آئین کے آرٹیکل 244 کے تحت ملکی مقتدر اداروں نے یہ حلف اٹھایا ہوتا ہے کہ وہ سیاست میں مداخلت نہیں کرینگے نہ ہی سیاست میں حصہ لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نہ خصوصی عدالت کو مانتے ہیں اور نہ ہی اس کیس کو تسلیم کرتے ہیں اور نہ ہی اس کیس کی سماعت کو مانتے ہیں۔دوران سماعت ایک موقع پر میں نے ازراہ تعفن کہا تھا کہ پرویز مشرف اگر میری موجودگی میں پیش نہیں ہونا چاہتے تو میں عدالت سے باہر چلا جاتا ہوں اور اپنی جگہ اپنے کسی چیمبر کے وکیل کو بھیج دیتا ہوں لیکن یہ پیشکش آخری سماعت کے موقع پر کی تھی۔

متعلقہ عنوان :