وزیراعلی خیبرپختونخوا نے شانگلہ کی سب تحصیل بشام کو تحصیل کا درجہ دینے کا اعلان کردیا،بشام میں نئے ڈگری کالج کے قیام اور مقامی گرلز مڈل سکول کو فوری طور پر ہائی کا درجہ دینے کا اعلان ،حکمرانوں نے عوام اور صوبے کی حالت زار پر کوئی توجہ نہیں دی پسماندہ علاقوں کو قصداً نظر انداز کیا گیا،پرویزخٹک

جمعہ 21 مارچ 2014 20:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے ضلع شانگلہ کی سب تحصیل بشام کو تحصیل کا درجہ دینے کا اعلان کیا ہے اُنہوں نے بشام میں نئے ڈگری کالج کے قیام اور مقامی گرلز مڈل سکول کو فوری طور پر ہائی کا درجہ دینے کا اعلان بھی کیا تاہم اُنہوں نے نئی تحصیل میں سوات یونیورسٹی کا کیمپس قائم کرنے اور بعض دیگر مطالبات پر واضح کیا کہ ترقی بتدریج آتی ہے اور سہولیات میں اضافہ ضرورت اور وسائل کے مطابق کیا جا تا ہے وزیر اعلیٰ نے یہ اعلانات عمائدین بشام کے 110 رکنی وفد سے بات چیت کے دوران کئے جس نے صوبائی وزیر صحت شوکت علی یوسفزئی کی زیر قیادت اُن سے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی اور بشام کی آبادی میں اضافے کے پیش نظر تعلیم و صحت اور دیگر شعبوں میں درپیش اپنی مشکلات اور مطالبات سے اُنہیں آگاہ کیا پرویز خٹک نے کہا کہ نئی تحصیل یا ضلع کا قیام کسی طرح ترقی کا معیار نہیں ہوتا بلکہ اس کی وجہ سے انتظامی اخراجات بڑھ جاتے ہیں جس کا بوجھ لامحالہ مقامی وسائل پر پڑتا ہے اب ضرورت اس بات کی ہے کہ یہاں کے لوگ مقامی وسائل میں اضافے اور تعمیر و ترقی کا عمل تیز کرنے کیلئے انتظامیہ سے پوراتعاون کریں اُنہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی کے حکمرانوں نے کرپشن اور اقرباء پروری میں توکوئی کنجوسی نہیں کی بلکہ قومی دولت پر عیاشیوں اور لوٹ مار کو اپنا حق سمجھا مگر عوام اور صوبے کی حالت زار پر کوئی توجہ نہیں دی پسماندہ علاقوں کو قصداً نظر انداز کیا گیا اور غریب کی ترقی کے تمام راستے مسدود کئے گئے اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت نئے بلدیاتی نظام کے تحت عوام کو ہر سطح پر با اختیار بنائے گی ایسا خود کار نظام بنایا جا رہا ہے جس کے تحت اب کسی شہری کو اپنے جائز کاموں کیلئے کسی وزیر ، مشیر ، ایم پی اے اور افسرکے گھر یا دفتر جا کر اُن کی منت سماجت نہیں کرنی پڑے گی بلکہ یہ تمام کام وقت مقررہ پر خودبخود ہوں گے ورنہ متعلقہ محکمے اور افسر کو غفلت پر سزا ملے گی اور اُسے متاثرہ شخص کو اپنی جیب جرمانہ بھی دینا پڑے گا اسلئے نقصان کے خوف سے سرکاری اہلکاروں کو کسی شہری کے کام میں تاخیر یا رکاوٹ ڈالنے کی ہمت نہیں ہو گی پرویز خٹک نے کہا کہ ہمارے پارٹی قائد عمران خان پارٹی منشور اور تبدیلی کے ایجنڈے پر حقیقی معنوں میں عمل چاہتے ہیں میرے نزدیک تبدیلی کا پیمانہ یہ ہے کہ عوام اسے خود محسوس کریں اور ہمیں بتائیں کہ تبدیلی آچکی ہے اُنہوں نے کوڑ منگ میں سڑک، پل اور بی ایچ یو کی تعمیر پر کام جلد شروع کرنے کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے اے ڈی پی میں شامل کئے جاچکے ہیں کنسلٹنٹس کی بدولت ہمارے دور حکومت میں مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبے معیار اور بروقت تکمیل کے حوالے سے اپنی مثال آپ ہوں گے اُنہوں نے خان خوڑ بجلی گھر سے مقامی متاثرین کو معاہدے کے مطابق پانچ میگا واٹ بجلی دینے اور پرانے ٹرانسفارمر ز کی تبدیلی کیلئے واپڈا سے رابطے کا یقین دلایا اُنہوں نے وفد کی طرف سے بشام کے دورے کی دعوت پر کہا کہ وہ تب آئیں گے جب وہاں ترقیاتی عمل شروع اور تیز ہو گااور اس پسماندہ علاقے میں بھی ترقی نظر آسکے واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ کے اس اعلان سے ضلع شانگلہ میں پہلے سے موجود دو تحصیلوں پورن اور الپوری کے علاوہ تیسری تحصیل بشام کا اضافہ بھی ہو گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :