دہشت گردی کے خلاف فاٹا کے عوام کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،گورنرخیبرپختونخوا، مستقبل میں بھی محب وطن قبائل امن اوراستحکام کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے،خطے کی بہتری اور استحکام کیلئے کئے جانیوالے اہم فیصلے قبائلی عوام اور مشران کی مشاورت سے کئے جائینگے، جرگے سے خطاب

جمعہ 21 مارچ 2014 20:24

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2014ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئرشوکت اللہ نے کہاہے کہ دہشت گردی کے خلاف فاٹا کے عوام کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور مستقبل میں بھی محب وطن قبائل امن اوراستحکام کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ خطے کی بہتری اور استحکام کیلئے کئے جانیوالے اہم فیصلے قبائلی عوام اور مشران کی مشاورت سے کئے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہاکہ فاٹا کی تمام ایجنسیوں کو ترقیاتی منصوبوں میں برابری کی بنیاد پر حصہ دیا جائیگا۔انہوں نے کہاکہ امن کے حصول میں قبائلی زعماء کا کردار قابل تحسین ہے۔وہ باجوڑ ایجنسی کے دورہ کے موقع پر صدر مقام خار میں ایجنسی کے نمائندہ گرینڈ قبائلی جرگے سے خطاب کررہے تھے۔ جرگے میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ارباب محمدشہزاد، ایجنسی سے منتخب قومی اسمبلی کے رکن شہاب الدین، سابق سینیٹرمولاناعبدالرشید، پرنسپل سیکرٹری برائے گورنرڈاکٹر فخر عالم ، کمشنرملاکنڈ، پولیٹیکل ایجنٹ باجوڑ ایجنسی اوربڑی تعدا دمیں قبائلی زعماء نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

گورنر نے پولیٹیکل انتظامیہ کو ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں کے کام کی رفتار کو مزید تیز کیاجائے اورحقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کرتے ہوئے ایجنسی کے تمام علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایاجائے۔ انہوں نے کہاکہ خطے میں امن اور استحکام میں قبائلی عوام کا کردار کسی سے پوشیدہ نہیں اور آج بھی امن کیلئے قبائلی عوام ایک نئی تاریخ رقم کررہے ہیں۔

جرگے کی جانب سے کئے گئے مطالبات کاجواب دیتے ہوئے گورنرنے کہاکہ مہمندروڈ انتہائی قلیل عرصے میں مکمل کرلی جائے گی اور خیبرایجنسی میں ایف ڈبلیواوکی جانب سے تعمیرکا کام جاری ہے جس سے افغانستان کے ساتھ تجارت میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ باجوڑ کے نواحی علاقوں کو ملانے کیلئے سڑکوں کی تعمیر کا کام جاری ہے اور خار میں مواصلات کانظام مزید بہترکیاجائیگا اور اس میں سولرسٹریٹ لائٹس نصب کئے جائیں گے۔

گورنرنے جرگے میں شامل زعماء کو یقین دلایا کہ ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں میں خطے کے مقامی لوگوں کو روزگار فراہم کیاجائیگا جس سے ان کی مالی حالت مستحکم ہوگی۔ گورنرنے مشران کا شکریہ ادا کیااور انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ خطے کے امن میں آپ لوگوں کا تعاون اور کردار مثالی اہمیت کا حامل ہے۔ اس موقع پر گورنرنے کہاکہ باجوڑ کے عوام کا نئی تحصیل کا مطالبہ پورا کرلیاگیاہے اور تمام ضروری کارروائی کا آغاز کردیاگیاہے۔

متعلقہ عنوان :