قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کااجلاس،منصوبوں کی تاخیرپرتشویش کااظہار،منصوبے کئی ماہ سے تاخیر کاشکارہیں،عوام کاکاروبارتباہ ہورہاہے،این ایچ اے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی بجائے قصور وار دوسرے محکموں کو ٹھہرا رہا ہے،سینیٹر داوٴود خان اچکزئی

جمعہ 21 مارچ 2014 18:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2014ء)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کے چیئر مین سینیٹر داوٴود خان اچکزئی کی قیادت میں سینیٹرز کامل علی آغا، محسن خان لغاری ، نثار خان اور زاہد خان نے تحت بائی پل کی تعمیر میں تاخیر کے حوالے سے عوامی شکایا ت پر مجوزہ پل کی جگہ کا معائنہ کیا اور بعد میں تحت بائی پریس کلب میں پل منصوبے کے بارے میں این ایچ اے کے اعلیٰ حکام سے بریفنگ لی ، کمیٹی نے پہلی بار کسی عوامی ترقیاتی منصوبے کے حوالے سے علاقے کے عوام اور نمائندوں کے ساتھ کھلا اجلاس منعقد کیا۔

تحت بائی پل کے بارے میں عوامی شکایات ، تحفظات اور تاخیر کے بارے میں حقائق معلوم کئے ، سینیٹر زاہد خان نے مجوزہ پل کی تاخیر کی وجوہات کے بارے میں سوالات کرتے ہوئے کہا کہ تحت بائی پل کے پی کے گیارہ اضلاع کا گیٹ وے ہے اور اس پل کی تکمیل سے 70لاکھ کی آ بادی کو تیز رفتار ٹرانسپورٹ کی سہولیات میسر ہو نگی ۔

(جاری ہے)

سینیٹر نثار خان نے کہا کہ منصوبہ پہلے ہی تاخیر کا شکار ہے اور 485ملین کے اس منصوبے میں نظر ثانی کے بعد لاگت میں بہت زیادہ اضافہ ہو جائیگا ۔

سینیٹر کامل علی آغا نے این ایچ اے کے حکام سے پرانے پل کے ڈیزائن ، تبدیل کرنے اور لاگت میں اضافے کے علاوہ تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر ، جنرل منیجر این ایچ اے اور اسسٹنٹ کمشنر کے علاوہ تاجران کی تنظیموں کے علاوہ عوامی نمائندوں نے منصوبے کی تکمیل کی تاخیر میں اپنے تحفظات کا اظہار کیا ۔ این ایچ اے کے ممبر کنسٹرکشن اورپروجیکٹ ڈائیریکٹر نے آگاہ کیا کہ ریلوے پل اور ریلوے زمین پر تجاوزات کے علاوہ بجلی ، پی ٹی سی ایل اور سوئی گیس کے محکمہ جات کی لائنوں کو اپنی جگہ سے ہٹایا نہیں جا سکا جس پر کمیٹی کے تمام ممبران نے اس کو این ایچ اے کی نا اہلی قرار دیا۔

چیئر مین کمیٹی سینیٹر داوٴود خان اچکزئی نے این ایچ اے حکام پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوامی فلاح کا یہ منصوبہ کئی ماہ سے تاخیر کا شکار ہے لوگوں کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ تاجر برادری کا کاروبار تباہ ہو رہا ہے ۔ موجودہ سٹرک میں کھڈے ہی کھڈے ہیں جس سے ٹریفک زیادہ تر جام رہتی ہے این ایچ اے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی بجائے قصور وار دوسرے محکموں کو ٹھہرا رہا ہے عوامی مفاد کے اس منصوبے میں رکاوٹوں ، شکایات ، تحفظات ، مسائل کو حل کرنے اور تاخیر کی وجوہات کے حقائق سے آگاہی کے لئے علاقے کے معززین ، سول انتظامیہ اور انجمن تاجران کو اگلے اجلاس میں شرکت لازمیں قرار دی ۔

چیئر مین کمیٹی نے کہا کہ عوامی تحفظات کا خیال رکھتے ہوئے ان کے مفادات کا تحفظ کریں گے ۔پل کا نظر ثانی شدہ ڈیزائن بھی عوامی نمائندوں کی مشاورت سے ہی منظور کیا جائیگا۔بریفنگ کے دوران این ایچ اے کے حکام کمیٹی کو منصوبے کے بارے میں بریفنگ دینے میں ناکام رہے جس پر فیصلہ کیا گیا کہ کمیٹی کے ممبران سینیٹر زاہدخان اور سینیٹر نثار خان کے دو دفعہ موقع پر معائنے اور کمیٹی کے بار بار اجلاس میں مجوزہ پل کی تکمیل پر عمل در آمد نہ کرنے پر کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا ۔