گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان دبئی کا دورہ مکمل کرکے جمعرات کو کراچی پہنچ گئے،دبئی مذاکرات کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان اگلے مذاکراتی عمل کا آغاز جلد ہوگا

جمعرات 20 مارچ 2014 22:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2014ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان دبئی کا دورہ مکمل کرکے جمعرات کو کراچی پہنچ گئے ہیں ۔دبئی مذاکرات کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان اگلے مذاکراتی عمل کا آغاز جلد ہوگا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دبئی میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر ندیم نصرت اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے تفصیلی ملاقاتیں کیں ،ان ملاقاتوں میں سیاسی صورت حال ،پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ بڑھانے اور سندھ حکومت میں ایم کیو ایم کی ممکنہ شمولیت کے حوالے سے بھی تفصیلی مشاورت کی گئی ۔

ان ملاقاتوں میں دونوں جماعتوں میں حکومت سازی کے حوالے سے ابتدائی نکات طے پاگئے ہیں ۔

(جاری ہے)

دبئی مذاکرات کے حوالے سے پیپلزپارٹی سے ہونے والی بات چیت پر ایم کیو ایم کی اعلیٰ قیادت کے درمیان لندن میں مشاورت کا عمل جاری ہے اور جلد اس حوالے سے کوئی اہم فیصلہ کیا جاسکتا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ کی واپسی کے بعد جلد وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی گورنر سندھ سے ملاقات ہوگی ۔

اس ملاقات میں دبئی میں ہونے والی بات چیت کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی جائے گی اور آئندہ کے لیے حکمت عملی مرتب کی جائے گی ۔ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کے رہنماوٴں میں جلد مذاکراتی عمل کا دوسرا باضابطہ دور شروع ہوجائے گا ۔اس ملاقات میں سندھ میں بلدیاتی نظام ،بلدیاتی اداروں کے فنڈز کا اجراء ،ایم کیو ایم کی سندھ حکومت میں شمولیت اور دیگر امور پر بات چیت کی جائے گی ۔دونوں جماعتوں کے رہنماوٴں کے درمیان وزارتوں کی تقسیم اور حکومت سازی کا حتمی فارمولہ طے کیا جائے گا ۔