میرے لیے شادی کی بجائے کیریئر زیادہ اہم ہے‘سونم کپور

جمعرات 20 مارچ 2014 12:44

ممبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20مارچ 2014ء)بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور نے کہا ہے کہ میرے لیے شادی کی بجائے کیریئر زیادہ اہم ہے اور میں اپنے کیریئر کی بلندی پر پہنچنا چاہتی ہوں۔ ایک انٹرویو میں 28 سالہ اداکارہ نے کہا کہ میں بالی ووڈ میں اپنا کیریئر بنانے کیلئے سخت محنت کر رہی ہوں۔ اگرچہ ابھی تک میری فلموں نے بہت بڑی کامیابی حاصل نہیں کی لیکن میں درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہوں۔

سونم نے کہا کہ میں حقیقت پسند لڑکی نہیں ہوں، اکثر میں خیالی دنیا میں رہتی ہوں، میں چیزوں، معاملات اور رشتوں کو ہر ممکن حد تک بہترین حالت میں رکھنا چاہتی ہوں، فی الحال یہ میرے لیے ٹھیک کام کر رہا ہے لیکن میں جانتی ہوں کہ دنیا میں یہ سب کچھ زیادہ اہم نہیں۔ اپنے والد انیل کپور کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میرے والد میرے میری شادی کے حوالے سے فکر مند نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

انہیں میرے کیریئر سے زیادہ دلچسپی ہے اور یہ میرے لیے خوشی کی بات ہے۔ انہوں نے میرے کیریئر کے حوالے سے بہت خواب دیکھ رکھے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ میں کامیاب ترین اداکارہ بنوں اور بہت سی ہٹ فلمیں دوں۔حال ہی میں سونم کپور کی فلم ”بیوقوفیاں“ ریلیز ہوئی ہے۔ 14 مارچ کو ریلیز ہونے والی فلم میں ان کے مقابل ایوشمن کھرانہ نے مرکزی کرادر نبھایا ہے جبکہ رشی کپور بھی فلم میں اہم کردار میں شامل ہیں۔

فلم آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوینٹی کے وارم اپ میچز کے ساتھ ریلیز ہوئی اور اس وجہ سے زیادہ اچھا بزنس نہیں کر پائی۔ ابتدائی 3 دن میں فلم صرف 7 کروڑ روپے کا بزنس کر پائی جبکہ اس نے مجموعی طور پر 11 کروڑ روپے کا بزنس کر لیا ہے اور اسے فلاپ فلم قرار دیا جا رہا ہے۔ گزشتہ سال سونم کپور کی دو فلمیں ریلیز ہوئی تھیں۔ ”رانجھنا“ اور ”بھاگ ملکھا بھاگ“کے نام سے ریلیز ہونے والی دونوں فلمیں سپر ہٹ ثابت ہوئیں۔