کراچی،فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں پولیس اہلکار سمیت چار افراد جاں بحق

جمعرات 20 مارچ 2014 11:23

کراچی،فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں پولیس اہلکار سمیت چار افراد جاں ..

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20مارچ 2014ء) کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں تین افراد جاں بحق ہو گئے ، پولیس موبائل پر فائرنگ سے ایک اہلکار شہید ، ایک زخمی ہو گیا ادھر سائیٹ میں رینجرز کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے دو افراد کے ورثا سراپا احتجاج بن گئے ، ڈی جی رینجرز نے واقعہ کا نوٹس لے کر تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی۔

کراچی میں تمام تر کوششوں کے باوجود قتل و غارت گری تھم نہ سکی۔جمالی گوٹھ سپر ہائی وے میں فائرنگ کر کے ایک شخص جاں بحق ہو گیا جبکہ ملیر میمن گوٹھ میں جھاڑیوں سے تشدد زدہ لاش ملی ہے۔اورنگی ٹاؤن کے علاقے شمسی کالونی میں ڈکیتی مزاحمت پر صابر حسین کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔اورنگی ٹاؤن میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے روکنے کی کوشش پر پولیس موبائل پر گولیاں برسا دیں جس سے اہلکار محبوب جاں بحق اور ایک اہلکار فاروق زخمی ہو گیا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف کراچی کے علاقے سائٹ ایریا رینجرز کی مبینہ فائرنگ سے دو موٹر سائیکل سوار ثاقب اور عدنان زخمی ہو گئے جنہیں عباسی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔رینجرز حکام کے مطابق دونوں زخمی افراد مسلح تھے اور انہوں نے رینجرز پر فائرنگ کی تھی۔ہسپتال میں زخمی نوجوان ثاقب کے ورثا نے احتجاج کیا۔ڈی جی رینجرز نے واقعہ کی تحقیقات کے لئے ایک ٹیم تشکیل دے دی جو جمعہ کو اپنی رپورٹ دے گی۔ترجمان کے مطابق فائرنگ کرنے والے رینجرز اہلکاروں کو انکوائری مکمل ہونے تک حراست میں رکھنے کا حکم دیا گیا ہے تاہم ہسپتال میں زیرعلاج دونوں نوجوانوں کی رپورٹ آنے تک انہیں ملزم قرار نہیں دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :