کے ایم یو پشاور کے دوترقیاتی منصوبے جلد شروع کئے جائینگے ،پروفیسر حفیظ اللہ، انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کوہاٹ994ملین ،نرسنگ اینڈ میڈیکل ٹیکنالوجی 750ملین روپے لاگت سے تعمیر ہونگے، وی سی کے ایم یو

بدھ 19 مارچ 2014 21:08

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2014ء) خیبرمیڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور کے دوترقیاتی منصوبے کے ایم یو انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کوہاٹ120 کنال قطعہ اراضی پر994ملین روپے کی لاگت سے اورکے ایم یو انسٹی ٹیوٹ آف نرسنگ اینڈ میڈیکل ٹیکنالوجی 750ملین روپے اخراجات سے تعمیر کئے جائینگے، جبکہ صوبائی حکومت کی اے ڈی پی میں شمولیت کے بعد ان دونوں منصوبوں پر ابتدائی کام کاآغاز کردیاگیا ہے، اس حوالے سے گزشتہ روزیونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد حفیظ اللہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں متعلقہ کنسلٹنٹ فرمز نے دونوں منصوبوں کے بارے میں وائس چانسلر کوبریفنگ دی، تاہم اس موقع پرکے ایم یو کے اعلیٰ حکام کے علاوہ محکمہ صحت،سی اینڈ ڈبلیو اور متعلقہ کنسلٹنٹ فرمزکے نمائنے بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر حفیظ اللہ نے کہا کہ کے ایم یو انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کی نئی عمارت کی تعمیر سے جہاں صوبے کے طلباء وطالبات کو میڈیکل اورڈینٹل شعبوں میں معیاری تعلیم کے مواقع دستیاب ہونگے وہاں اس سے کوہاٹ اورصوبے کے جنوبی اضلاع کی عوام کو بہتر طبی اورڈینٹل خدمات بھی حاصل ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ کے ایم یو انسٹی ٹیوٹ آف نرسنگ سائنسز اینڈ میڈیکل ٹیکنالوجی کی تعمیر سے صوبے میں ماہر میڈیکل ٹیکنالوجسٹس کے ساتھ ساتھ اعلیٰ تربیت یافتہ نرسنگ کی کمی پوری ہونے میں مدد ملے گی۔

پروفیسر حفیظ اللہ نے کہا کہ نئی عمارتوں کی تعمیر میں میٹرئیل اورکوالٹی کے معیار پر کسی بھی صورت سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا اوریونیورسٹی کاپلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سیل اس ضمن میں دونوں منصوبوں کی کڑی نگرانی کرے گا۔

متعلقہ عنوان :