ماتحت عدلیہ کو مضبوط کیا جارہا ہے ، کرپشن کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ‘ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

بدھ 19 مارچ 2014 21:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2014ء) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ ماتحت عدلیہ کو مضبوط کیا جارہا ہے ، کرپشن کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ،ہائیکورٹ میں آئندہ ہفتے نئے ججزکی آمد کے بعد معاملات میں مزید بہتری آئے گی ۔

(جاری ہے)

بدھ کے روز لاہور ہائیکورٹ میں بیٹ رپورٹرز سے ملاقات میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ ہما رے تمام اقدامات کا مقصد انصاف کی فراہمی ہے، عدالتی فیصلوں سے عوام کا عدلیہ پر اعتماد بحال ہوا ہے جو انتہائی خوش آئند ہے ۔معزز چیف جسٹس نے مزید کہا کہ میڈیا کی جانب سے شہریوں کے مسائل اجاگر کرنے سے عدالت عالیہ کے شکایات سیل نوٹس لے رہا ہے جس سے عوام کے مسائل حل ہو رہے ہیں۔