وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن انوشہ رحمن کی زیرصدارت اعلی سطحی اجلاس، ای آفس سسٹم منصوبہ کی کارکردگی کا جائزہ لیاگیا

بدھ 19 مارچ 2014 21:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2014ء) ای آفس سسٹم منصوبہ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن مس انوشہ رحمن کی زیرصدارت ایک اعلی سطحی اجلاس ہوا۔ اس اجلاس میں وفاقی سیکریٹری آئی ٹی اخلاق احمد تارڑ ،ایڈیشنل سیکریٹری عظمت علی رانجھا اوروزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی ،پاکستان کمپیوٹربیورو، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن پرائیویٹ لمیٹڈ، نیشنل ٹیلی کام کمپنی اور ایل ایم کے ٹی کے اعلی عہدیداران نے شرکت کی۔

وزیر مملکت نے ای ۔ آفس منصوبے کے بارے میں شرکاء کو بتایا کہ ای ۔آفس سسٹم کو رائج کرنے کا منصوبہ قبل ازیں 30 اپریل 2007ء کو پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شروع کیا گیاتھا تاہم یہ منصوبہ پروقت تکمیل نہ پاسکا۔

(جاری ہے)

موجودہ حکومت نے آتے ہی " ای گورنمنٹ سسٹم " کے اس اہم ترین منصوبے کو وفاقی حکومت کی تمام وزارتوں اور ان سے ملحقہ ڈویژنوں میں رائج کرنے کا فیصلہ کیا۔

وزیر مملکت نے اس ای۔ آفس منصوبہ کے خدوخال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ بیک وقت تمام وفاقی وزارتوں اور ملحقہ ڈویژنوں میں بیک وقت رائج کیا جائے گا اور اس سلسلے میں سافٹ ویئر اور اسٹالیشن کے اعلی معیار کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس منصوبہ کے نافذالعمل ہونے سے دفاتر میں کام مستعدی، شفافیت اور مٴوثر انداز سے طے پاسکیں گے اور اس کا حتمی فائدہ پاکستان کی عوام کو ہوگا اور دفاتر میں ای۔

آفس نظام کے آنے سے کاغذ پر انحصار کم سے کم ہوجائے گا۔وزیر مملکت نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی بالغ نظری کے سبب اس ای ۔آفس منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کیلئے پاکستان کی لوکل آئی ٹی انڈسٹری کی خدمات حاصل کی گئی ہیں تاکہ ہمارے قومی ہیومین ریسوس کیپیٹل کو بروئے کار لایا جا سکے۔ ای ۔ آفس سسٹم وزیراعظم آفس، قومی اسمبلی اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی میں فعال کیا جا چکا ہے۔

اس منصوبے کو وفاقی حکومت کی دیگر وزارتوں اور ملحقہ اداروں میں بروقت نافذالعمل کرنے کیلئے درج ذیل اقدام کیے جارہے ہیں۔ 1۔ تمام وفاقی وزراتوں کے مابین " ای کمیونیکیشن " کو ممکن بنانے کیلئے تمام وزارتوں کو" ای گورنمنٹ انٹرانیٹ " کے توسط سے باہم منسلک کیا جاچکاہے۔2۔ ای ۔ آفس پراجیکٹ کی کنفگریشن کیلئے تمام وزارتوں میں ہیومین ریسوس کی کھپت انکی ذمہ داریوں ، آئی ٹی انفراسٹرکچر کی موجودگی اور وزارتوں میں کام کے بوجھ جیسے امور کے تعین کیلئے سروے مکمل کیا جا چکا ہے ۔

3۔ 30 وفاقی وزارتوں سے فوکل پرسنز کی نامزدگی ہوچکی ہے اور ان فوکل پرسنز کو ای ۔ آفس نظام کے مختلف پہلووٴں کی بابت خصوصی تربیت دی جا رہی ہے تاکہ اس ای ۔ گورنس نظام کو کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکے۔وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے مزید بتلایا کہ مارچ کے آخر تک وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی ای آفس نظام سے آگاہی کیلئے ورکشاپس کا اہتمام کر رہی ہے ۔ جس میں وفاقی وزارتوں اور ملحقہ ڈویژنوں کے سربراہان کو مدعو کر کے اس سلسلہ میں کی جانے والی کاوشوں اور اقدامات سے آگاہ کیا جائے گا۔ وزیر مملکت نے ای ۔ آفس نظام کی بروقت تکمیل کیلئے پاکستان کمپیوٹر بیورو کو خصوصی ہدایات جاری کیں۔

متعلقہ عنوان :