مہمند ایجنسی میں حالات دوسری قبائلی ایجنسیوں کی نسبت بہترہیں،گورنرانجینئرشوکت اللہ ، قبائلی عوام کے وسیع ترمفاد میں ایسے ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دی جارہی ہے جن سے زیادہ سے زیادہ عوام مستفیدہوسکیں، غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائیگی ،ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی،جرگہ سے خطاب

بدھ 19 مارچ 2014 20:51

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2014ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئرشوکت اللہ نے کہاہے کہ قبائل محب وطن ہیں اور کوئی بھی ان کی نیت پر شک نہیں کرسکتا اورقبائلی عوام کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھاجائیگا۔ انہوں نے کہاہے کہ مہمند ایجنسی میں حالات دوسری قبائلی ایجنسیوں کی نسبت بہترہیں۔ انہوں نے کہاہے کہ فاٹا میں سرکاری املاک کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

وہ بدھ کے روز مہمند ایجنسی کے صدر مقام غلنئی میں مہمندایجنسی کے نمائندہ قبائلی جرگے سے خطاب کررہے تھے۔ جرگے میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ارباب محمدشہزاد، پرنسپل سیکرٹری برائے گورنرڈاکٹر فخر عالم ، پولیٹیکل ایجنٹ مہمند ایجنسی اوربڑی تعدا دمیں قبائلی زعماء نے شرکت کی۔ گورنر نے پولیٹیکل انتظامیہ کو ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ وہ عوام کی صحیح معنوں میں خدمت کریں اور ان کے مسائل حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

ترقیاتی کاموں کے حوالے سے گورنرنے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور میرٹ کاخاص خیال رکھاجارہاہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ قبائلی عوام کے وسیع ترمفاد میں ایسے ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دی جارہی ہے جن سے زیادہ سے زیادہ عوام مستفیدہوسکیں۔ انہوں نے کہاکہ علاقے کے عوام کی بہتری کیلئے قبائلی رسم و رواج کے مطابق مل بیٹھ کر مسائل حل کرناہوں گے۔

گورنرنے کہاکہ دورے کا بنیادی مقصد عوام کے ساتھ مل بیٹھ کر ان کودرپیش مسائل کا حل تلاش کرناہے۔ سپاسنامے میں پیش کئے گئے مطالبات کاحوالہ دیتے ہوئے گورنرنے کہاکہ مہمندایجنسی میں نحقی ٹنل پرکام شروع کیاجاچکاہے جوآئندہ سال کے آخر تک مکمل کرلیاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ ایسے ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دی جارہی ہے جن سے زیادہ سے زیادہ قبائلی عوام مستفیدہوسکیں اوراس سلسلے میں تعلیم ،صحت اور مواصلات کوبنیادی اہمیت دی جارہی ہے۔

قبل ازیں ملک محمدعلی نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے گورنر کا خیرمقدم کیا اور قبائلی عوام کو درپیش مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ قبائلی عوام موجودہ حکومت کی انتظامیہ سے مطمئن ہیں اور علاقے کی ترقی کیلئے بھر پور اقدامات کررہی ہے۔ اس موقع پر ملک سیدمحمودجان اکبر نے بھی خطاب کیا۔ دریں اثناء گورنر خیبرپختونخوا کو مہمند ایجنسی کی پولیٹیکل انتظامیہ کی جانب سے ایجنسی میں جاری ترقیاتی منصوبوں اورمحکمہ جات کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ ایجنسی میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور معیار کو برقراررکھتے ہوئے انہیں بروقت مکمل کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف تادیبی کاروائی کی جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔گورنرنے پولیٹیکل انتظامیہ کوہدایت کی کہ ایجنسی کے عوام کو تمام بنیادی سہولیات مہیا کی جائے اور نحقئی ٹنل پر کام کی رفتار کو تیز کیاجائے۔

متعلقہ عنوان :