جنوبی ایشیاء اوردوسرے خطوں کے ممالک سے روابط بڑھائیں گے،انجینئر خرم دستگیر خان ، دنیا میں علاقائی تجارت کو فروغ حاصل ہورہا ہے، نئے تجارتی بلاکس بن رہے ہیں،پاکستانی معیشت کو خطے کی دوسری معیشتوں سے جوڑیں گے ،بحرین کے سرمایہ کار وں کو حکومت پاکستان ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گی ،وفاقی وزیر کاخطاب

بدھ 19 مارچ 2014 19:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2014ء) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کے معاشی ویژن کے مطابق ہم جنوبی ایشیاء اور اس سے متصل دوسرے خطوں کے ممالک سے روابط بڑھائیں گے، دنیا میں علاقائی تجارت کو فروغ حاصل ہورہا ہے اور نئے تجارتی بلاکس بن رہے ہیں ۔ہم پاکستانی معیشت کو خطے کی دوسری معیشتوں سے جوڑیں گے ۔

بحرین کے سرمایہ کار وں کو حکومت پاکستان ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے پاکستان بحرین بزنس فورم کے اجلاس سے خطاب اور بعدازاں بحرین کے وزیر صنعت و تجارت ڈاکٹر حسن عبداللہ فخرو سے ملاقات کے دوران کیا ۔فورم میں پاکستان اور بحرین چیمبر آف کامرس کے وفود ، حکومتی نمائندوں ، سرمایہ کاروں اورصنعت کاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے اپنی گفتگو کے دوران کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں پاکستان میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوچکا ہے ۔موجودہ حکومت سرمایہ کاری دوست حکومت ہے جس کی پالیسیوں پر عالمی سرمایہ کاروں نے اعتماد ظاہر کیا ہے اورموجودہ حکومت کے پہلے ہی سال میں بہت سے سرمایہ کارپاکستان کا رخ کررہے ہیں ۔ بحرین پاکستانی ٹیکسٹائل اور زرعی مصنوعات مثلاً چاول، گوشت ، پھل ، پولٹری اور ڈیری کی ایک بڑی منڈی بن سکتی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بحرین میں پاکستانی برآمدات کو مزید ویلیو ایڈیشن کے بعد ان ممالک کو برآمد کیا جاسکتا ہے جن سے بحرین کے آزاد تجارتی معاہدے ہیں ۔ اسی طرح بحرین پاکستان کے تجارتی معاہدات سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ بحرین کے وزیر صنعت و تجارت نے کہا کہ بحرین کی ترقی میں پاکستانی افرادی قوت کا کردار قابل ستائش ہے ۔بحرین میں ایک لاکھ سے زائد پاکستانی آباد ہیں جو بحرین کی معیشت کا ایک اہم جزو ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بحرین کی معاشی بنیاد میں وسعت پیدا ہورہی ہے۔

متعلقہ عنوان :