صوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے ،پن بجلی ، تیل اورگیس کے ذخائر موجود ہیں،قربان علی خان،عوام کو مستفید کرنے کیلئے وسائل کو صحیح طور پر استعما ل میں لانے کی ضرورت ہے ، رکن خیبرپختونخوا اسمبلی

بدھ 19 مارچ 2014 19:24

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2014ء) خیبر پختو نخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انرجی اینڈ پاور کا ایک اجلاس بدھ کے روز صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ پشاور کے کانفرنس روم میں رکن صوبائی اسمبلی و چےئرمین کمیٹی قربان علی خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں دوسروں کے علاوہ اراکین صوبائی اسمبلی سردار محمد ادریس،عبدالمنیم، سید جعفرشاہ،محمد عصمت اللہ، محترمہ بی بی فوزیہ، سیکرٹری انرجی اینڈ پاور صحبزادہ سعید احمد، منیجنگ ڈائریکٹر پختونخوا انرجی ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن بہادر شاہ، چیف ایگزیکٹیو آفیسر خیبر پختونخوا آئل اینڈ گیس کمپنی لمیٹڈ رضی الدین زین ،سیکرٹری قانون جمشید خان آفریدی اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس میں قائمہ کمیٹی کے اراکین کومحکمہ کی کارکردگی اور انتظامی ڈھانچے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر سیکرٹری انرجی اینڈ پاور نے اراکین قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ یہ صوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے جن میں پن بجلی ، تیل اورگیس کے ذخائر موجود ہیں لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ان وسائل کو صحیح طور پر استعمال میں لائیں تاکہ عوام اس سے براہ راست مستفید ہوں۔