مفاد عامہ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے، محمود خان،سرکاری اداروں سے کرپشن مافیا کے ناسور کو مستقل بنیادوں پر ختم اور میرٹ و قانون کی بالا دستی کو قائم کرنے کا عزم کر رکھا ہے،وزیرکھیل خیبرپختونخوا

بدھ 19 مارچ 2014 19:24

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے سیاحت، کھیل، میوزیم و آثار قدیمہ اور امور نوجوانان محمود خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے سمیت سرکاری اداروں سے کرپشن مافیا کے ناسور کو مستقل بنیادوں پر ختم اور میرٹ و قانون کی بالا دستی کو قائم کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفترپشاور میں ضلع سوات سے تعلق رکھنے والے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے قائد کے ویژن اور مشن کے مطابق عوام کی خدمت کر رہی ہے اور وہ دن دور نہیں جب خیبر پختونخوا میں ایک پائیدار امن قائم ہوگااور صوبہ معاشی و اقتصادی طور پر مستحکم بھی ہوگا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت تبدیلی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہو کر بد عنوانی کے خاتمے، نظام میں شفافیت لانے اور قواعد و ضوابط کے حقیقی نفاذ کو یقینی بنانے کیلئے دیر پا اور مثبت اقدامات اٹھا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ ضلع سوا ت میں مختلف ترقیاتی منصوبوں جن میں سڑکوں اور پلوں کی تعمیر و مرمت،صحت و تعلیم کے اداروں کی بحالی کے علاوہ آبپاشی و آبنوشی ، سیلاب سے بچاؤ کے حفاظتی پشتوں کی تعمیر شامل ہیں کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے جس سے علاقے میں خوشحالی آئے گی اور عوام کی محرومیوں کا بھی ازالہ کیا جا سکے گا۔اس موقع پر انہوں نے وفد کے مسائل غور سے سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر ضروری احکامات جاری کئے۔

متعلقہ عنوان :