حسن ابدال، نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اے ڈی ایچ او قتل

بدھ 19 مارچ 2014 16:41

حسن ابدال( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19مارچ 2014ء) حسن ابدال، نامعلوم افراد کی فائرنگ ،اے ڈی ایچ او قتل ،نامعلوم حملہ آور موقع ِ واردات سے بحفاظت فرار ہونے میں کامیاب۔وقوعہ کی اِطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی ۔نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی حسن ابدال کی حدود میں جی ٹی روڈ حسن ابدال کے قریب واقع حسن میڈیکل اینڈ سرجیکل کمپلیکس کے باہر آتشیں اسلحہ سے لیس دونامعلوم حملہ آوروں نے گزشتہ رات تقریباً سوا آٹھ بجے کے قریب اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر بابر علی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں ڈاکٹر بابر علی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔

نامعلوم حملہ آور رات کی تاریکی میں موقع ِ واردات سے بحفاظت فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر بابر علی کے قتل کی اِطلاع ملنے پر ڈی ایس پی حسن ابدال سرکل سید اقبال حسین شاہ اور تھانہ سٹی حسن ابدال کے ایس ایچ او مسرت شاہ پولیس کی نفری سمیت جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے ڈاکٹر بابر علی کی میت پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔