747بوئنگ طیارہ کوئی غبارہ نہیں جسے جیب میں ڈال کر چھپا لیا جائے، پاکستان

منگل 18 مارچ 2014 23:46

747بوئنگ طیارہ کوئی غبارہ نہیں جسے جیب میں ڈال کر چھپا لیا جائے، پاکستان

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان کی فضائی سرحدیں انتہائی محفوظ ہیں،747بوئنگ طیارہ کوئی غبارہ نہیں جسے جیب میں ڈال کر چھپا لیا جائے گا، ہم کوئی نیا معاہدہ نہیں کرنے جارہے، پیپلزپارٹی دور کے معاہدوں کی بھی پاسداری کررہے ہیں،پاکستان باوقار ملک ہے جو غیرملکی معاہدوں کی پاسداری کرتا ہے، بھارت نے 1998ء سے پاکستان کو انتہائی پسندیدہ ملک قرار دے رکھا ہے، طالبان مذاکراتی کمیٹی کا کوئی مطالبہ حکومتی کمیٹی کے پاس آئے گا تو وہ اس پر اداروں سے استفسار کرکے مناسب جواب دے گی، تمام سیاسی جماعتیں مذاکرات کی حامی ہیں اور سب نے مل کر فیصلہ کیا ہے، قیام امن کسی صوبہ کا نہیں پاکستان کا ایشو ہے، اس لئے پاکستانی بن کر سوچنا چاہئے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نیشنل بک فاؤنڈیشن میں ریڈرز کلب کے اجراء کی تقریب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ایک سوال پر وزیر اطلاعات نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ہمارے اتحادی ہیں اور ان سے ملاقاتوں کا سلسلہ رہنمائی اور مشاورت کیلئے جاری رہتا ہے اور آج کی ملاقات بھی موجودہ ملکی صورتحال پر ان سے تبادلہ خیال اور رہنمائی کیلئے تھی جو مفید اور مثبت رہی ۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل سیکیورٹی کے حوالے سے پالیسی پر صوبوں نے عملدرآمد کرنا ہے اس لئے ان سے مشاورت کیلئے اجلاس بلایا گیا تھا جس میں وزرائے اعلیٰ سے مشاورت کی گئی ہے، تمام کوششیں قیام امن کیلئے ہیں اور یہ پورے ملک کا ایشو ہے کسی ایک صوبے کا نہیں اس لئے پاکستانی بن کر سوچنا چاہئے۔ طالبان کی طرف سے 300 قیدیوں کی فہرست کے حوالے سے سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے طالبان سے مذاکرات کیلئے کمیٹی بنائی ہے اور طالبان کمیٹی کی طرف سے جو بھی مطالبہ آیا ہے یا آئے گا وہ حکومتی کمیٹی کے پاس آئے گا اورحکومتی کمیٹی متعلقہ اداروں سے پوچھ کر بات چیت کو آگے بڑھائے گی۔

متعلقہ عنوان :