چولستان میں حالات معمول کے مطابق ہیں،صورتحال کی نگرانی کی جارہی ہے‘رانا ثناء اللہ،وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبائی وزراء،چیف سیکرٹری،ایس ایم بی آراور صوبائی سیکرٹری چولستان پہنچ گئے،حکومت چولستان کے حالات سے مکمل باخبر ہے ، گزشتہ 2ماہ سے صورتحال کی نگرانی کی جارہی ہے‘ترجمان حکومت پنجاب

منگل 18 مارچ 2014 19:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2014ء) صوبائی وزیر بلدیات وقانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ چولستان میں ایسی کوئی صورتحال درپیش نہیں کہ جس میں لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوں۔پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چولستان کے مکین چکوک میں رہتے ہیں۔فصلیں کاشت کرتے ہیں اور انہیں پانی بھی میسر ہے۔گندم کی کٹائی کے بعد مقامی افراد جانوروں کو چارہ کھلانے کی غرض سے انہیں صحرا لے جاتے ہیں اور انہیں وہیں رکھتے ہیں۔

مارچ اپریل میں چولستان کے مکین گندم کی کٹائی سے قبل صحرا سے واپسی کرتے ہیں ۔ان کی صحرا سے اپنے چکوک واپسی کو ایک میڈیا رپورٹ میں نقل مکانی سے تشبیہ دیا گیا ہے جو کہ قطعی طور پر غلط فہمی پر مبنی ہے۔انہوں نے کہا کہ چولستان کے عمومی حالات حکومت کی نظر اور کنٹرول میں ہیں۔

(جاری ہے)

وزیربلدیات وقانون نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر چیف سیکرٹری پنجاب اورسیکرٹری صحت ودیگرپر مبنی ٹیم چولستان روانہ کر دی گئی ہے جو 24 گھنٹوں میں حقائق پر مبنی رپورٹ وزیراعلی کو بھجوائے گی۔

اس رپورٹ کی روشنی میں مزید ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔دریں اثنا حکومت پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ چولستان کے صحرا میں تھر کے برعکس صورتحال معمول کے مطابق ہے اور اس وقت 5فیصد آبادی اپنی مرضی سے یہاں رہائش پذیر ہے ۔ترجمان نے کہا کہ حکومت پنجاب، چولستان کے حالات سے مکمل باخبر ہے اور گزشتہ 2ماہ سے یہاں صورتحال کی نگرانی کی جارہی ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ آج چار ٹیمیں چولستان روانہ کی گئی ہیں جو لوگوں کو ہر قسم کی امداد پہنچانے اور صورتحال کاجائزہ لینے کے لئے صحرا میں گشت کر رہی ہیں جبکہ گذشتہ روز چار میڈیکل کیمپ اور لائیو سٹاک کیمپ بھی قائم کئے گئے جہاں سرکاری عملہ چولستانیوں کے طبی معائنہ، علاج معالجہ اوران کے جانوروں کی ویکسی نیشن کے کاموں میں مصروف ہے۔انہوں نے بتایا کہ چولستان کے صحرا میں کل مزید دو میڈیکل کیمپ لگائے جائیں گے اور اب تک الحمد للہ تمام صورتحال معمول کے مطابق ہے۔

ترجمان نے کہا کہ چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے واٹر ٹینکرزکے ذریعے پینے کے پانی کی فراہمی کا آغاز کردیا ہے جبکہ موبائل میڈیکل اور وٹرنیری ٹیموں کے ذریعے رہائشیوں اور ان کے مویشیوں کو مفت ادویات اور ویکسینیشن کی سہولیات فراہم کی جارہی ہے۔ دریں اثناء کمشنر بہاولپور ڈویژن کیپٹن (ر) اسد اللہ خان نے کہا ہے کہ چولستان کے 400چکوک میں چولستانیوں کو اراضی الاٹ کی گئی ہے جہاں وہ کاشتکاری کررہے ہیں ۔

ایک بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ موسمی حالات کے مطابق چولستانیوں کی نقل مکانی کا سلسلہ پورا سال جاری رہتا ہے اورابھی تک کوئی غیر معمولی واقعہ رونما نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ 5فیصد رہنے والی آبادی کو پانی کی فراہمی کا انتظام کر دیا گیا ہے جبکہ جانوروں کے چارہ کی فراہمی پہلے سے ہی جاری ہے۔ دریں اثنا وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر مختلف محکموں کے سیکرٹریز بہاول پور پہنچ گئے ہیں جہاں وہ اپنے محکموں کی ٹیموں کے ہمراہ صحرا کا دورہ اور فلاحی کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں۔