معیشت کے استحکام اور عوام کی خوشحالی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں،شہرام خان ترکئی،صوبے میں گندم کی پیداوار ضرورت سے بہت کم ہے ،ایسے اقدامات کی ضرورت ہے جن کے تحت یہ شعبہ ترقی کر سکے ،افسران باہمی روابط اور مشاورت کے ذریعے کسانوں کے مسائل حل کریں ،تقریب سے خطاب

منگل 18 مارچ 2014 19:19

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2014ء)خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت زمینداروں اور کسانوں کو جدید سہولتیں فراہم کرنے اور زراعت کے شعبہ کو ترقی دینے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ صوبے کی معیشت مستحکم ہو اور عوام خوشحالی سے ہمکنار ہو سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترناب فارم پشاور میں یوم کاشتکاران کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع قیاش بہادر،چیف پلاننگ آفیسر احمد سعید،ڈائریکٹر نیفا احسان اللہ،ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک(ریسرچ) ڈاکٹر غفران اللہ اور صوبہ بھر کے کسانوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

شہرام خان نے کہا کہ صوبائی حکومت کو کسانوں کے مسائل اور ضروریات کا بخوبی علم ہے اور اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے زراعت کی ترقی پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی یہی وجہ ہے کہ آج دنیا ترقی کے میدانوں میں آگے نکل چکی ہے جبکہ ہمیں گوناگوں مسائل کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زراعت ہماری قومی میعشت میں انتہائی اہمیت کا حامل شعبہ ہے تاہم ہمارے صوبے میں گندم کی پیداوار ضرورت سے بہت کم ہے اس لئے ایسے اقدامات کی ضرورت ہے جن کے تحت یہ شعبہ ترقی کر سکے اور اس کی ترقی ہی کی بدولت ملک بھی ترقی کر سکتا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمارے کسان اور زمیندار محنتی اور جفا کش ہیں جبکہ حکومت کی یہ کوشش ہے کہ ماہرین زراعت کی آراء اور تجاویز کے تحت ایک ایسی زرعی پالیسی اپنائی جائے جس کی بدولت زمیندار خوشحال ہوں اور صوبے سے بیروزگاری کا خاتمہ ہو سکے۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ باہمی روابط اور مشاورت کے ذریعے کسانوں کے مسائل حل کریں اور انہیں زراعت کے جدید طریقوں سے آگاہ کریں ۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے زراعت کی مختلف اشیاء پر مبنی سٹالوں کا معائنہ کیا اور شرکاء میں اسناد تقسیم کیں۔