خارجہ پالیسی کے حوالے سے نہ کبھی ڈکٹیشن لی نہ لیں گے‘چوہدری برجیس طاہر

منگل 18 مارچ 2014 16:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18مارچ 2014ء) وفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہرنے کہاہے کہ دوست ملک کی طرف سے دی گئی امداد غیر مشروط ہے اور اس کا خارجہ پالیسی کی تبدیلی سے کچھ لینا دینا نہیں۔اُمت مسلمہ کی وحدت اور استحکام ہماری خارجہ پالیسی کا اہم اور بنیادی ستون ہے جس پر کوئی سودے بازی نہیں ہو سکتی۔

ہماری قیادت نے خارجہ پالیسی کے حوالے سے نہ کبھی کسی سے ڈکٹیشن لی نہ لے گی۔مسلم لیگ (ن) کا خارجہ پالیسی کے حوالے سے نقطہ نظر بہت واضح ہے ۔ عوامی نمائندے ہونے کے ناطے سے ہمارایہ ایما ن ہے کہ اسے عوامی جذبات اور اُمنگوں کا عکاس ہونا چاہیے۔اس ضمن میں اپوزیشن کی قیاس آرائیاں حقیقت کے منافی ہیں یہ بات اُنہوں نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ تنقید کرنے والوں کا کا م ہے تنقید کرنا۔ لوگوں سے پاکستان کی بھلائی ہضم نہیں ہوتی۔دُنیانواز شریف کی قیادت پر اعتماد کرتی ہے اور معاشی پالیسوں کو سراہتی ہے۔ چونکہ ہم نے پاکستان کے معاشی استحکام کا بیڑہ اٹھایا ہے اس لیے دوست ممالک پاکستان کی امداد کر رہے ہیں ۔یہ امداد اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ ہم نے اپنی معاشی پالیسیوں میں تسلسل کے ذریعے دوست ممالک سے مزید تعاون حاصل کریں گے۔ اس امداد کا ملکی معیشت پر مثبت اثر پڑے گا اور مہنگائی میں کمی آئی گی۔