ممتازبھارتی اداکار اوم پوری ایک ہفتے کے دورے کے بعد واپس روانہ

منگل 18 مارچ 2014 15:43

واہگہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18مارچ 2014ء)ممتازبھارتی اداکار اوم پوری ایک ہفتے کے دورے کے بعد واپس روانہ ہو گئے۔پیارکی بولی بولنے والے اس عظیم اداکار نے جاتے جاتے اس خواہش کااظہاربھی کردیاکہ بھارتی کرکٹ ٹیم کوپاکستان آکر کھیلناچاہئے۔اور وہ واپس جاکرپاک بھارت کرکٹ کی بحالی کے لئے بات کریں گے۔

(جاری ہے)

11مارچ کوپاکستان آنے والے اوم پوری واپسی کے سفرپرواہگہ پہنچے توپاکستانیوں سے ملنے والے پیار اورمحبت سے سرشار نظرآئے،کہنے لگے عرصہ دراز سے لاہور دیکھنے کی خواہش تھی۔لاہور ان کے اندر بس چکا ہے۔یہاں سے ملنے والی محبت بھارت میں بانٹیں گے۔ہندوستانی آرٹ سینما کایہ بڑافن کار پاک بھارت کرکٹ کابھی شیدائی نکلا۔کہنے لگے بھارتی کرکٹ ٹیم کوپاکستان آکر کھیلناچاہئے۔تاہم پاک بھارت کرکٹ کوجنگ نہیں سمجھناچاہئے۔اوم پوری نفرتوں سے نفرت کرتے ہیں،انہوں نے جہاں بھارت میں بننے والی مخالف فلموں کی حکومتی سطح پر روک تھام کی خواہش کااظہارکیا،وہاں یہ تجویزبھی دی کہ واہگہ بارڈر پر پریڈ کے دوران دونوں ممالک کی سکیورٹی فورسز کوجارحانہ رویہ اختیارنہیں کرنا چاہئے۔