لاپتہ طیارہ: تاریخ کا سب سے بڑا سرچ آپریشن،30لاکھ افراد تلاش میں مشغول

منگل 18 مارچ 2014 11:36

لاپتہ طیارہ: تاریخ کا سب سے بڑا سرچ آپریشن،30لاکھ افراد تلاش میں مشغول

نیویارک(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18مارچ 2014ء) امریکی کمپنی کا کہنا ہے اس کے پانچ ہائی ڈیفنیشن سٹیلائٹس کے جاری کردہ 25 کروڑ 70 لاکھ تصاویر اور نقشوں کا اب تک 30 لاکھ افراد جائزہ لے چکے ہیں۔کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ تاریخ کا سب سے بڑا سرچ آپریشن ہے۔دوسری جانب26 ممالک بھی اس جہاز کی کھوج میں ہیں اور پاکستان بھی اپنا حصہ ڈال رہا ہے۔

دفترخارجہ کی ترجمان نے باور کرادیا ہے کہ اسلام آباد کوالالمپور کی ہر ممکن مدد کو تیار ہے۔ریڈاراور کنٹرول ٹاورکی معلومات بھی فراہم کی جارہی ہیں اور اگر طیارہ پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوتا تو ایمرجنسی نافذ ہوجاتی۔اس سے پہلے برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ ملائشین حکام گمشدہ طیارہ کو اغوا کرکے پاکستان، افغانستان کے قبائلی علاقے میں اتارے جانے اور طالبان پر شک کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

افغان طالبان اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان دونوں نے اس معاملے میں ملوث ہونے سے انکار کردیا ہے۔بدقسمت طیارے کی تلاش میں نکلے امریکی بحریہ کے جہاز یو ایس ایس کڈ کو واپسی کے احکامات مل گئے ہیں، حکام کے مطابق لاپتا طیارے کی تلاش نہایت وسیع علاقے میں کی جارہی ہے اور امریکی بحری جہاز اتنے بڑے علاقے میں نہیں جاسکتا جبکہ پی 3 اور پی 8 ائیرکرافٹ تلاش جاری رکھیں گے۔ادھر جیل میں قید ملائشیا کے اپوزیشن لیڈر انور ابراہیم نے ان خدشات کی تردید کی ہے کہ لاپتا طیارے کے پائلٹ ظاہری احمد شاہ کے کوئی سیاسی مقاصد تھے،ان کا کہنا تھا کہ پائلٹ کو اس معاملے میں ملوث کرنے کا مقصد اپوزیشن کو بدنام کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :