پارلیمنٹ سپریم ہے، ہم اس کو جوابدہ ہیں ارکان اسمبلی کے پوچھے گئے سوالوں کا جواب ملنا چاہیے ، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ،بیورو کریسی کے کسی اہلکار نے ارکان اسمبلی کے سوالات کے جوابات نہ دیئے تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی ،وزیراعلیٰ بلوچستان کا اسمبلی میں خطاب

پیر 17 مارچ 2014 19:56

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے پیر کے روز صوبائی اسمبلی کے اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پارلیمنٹ سپریم ہے، ہم اس کو جوابدہ ہیں ارکان اسمبلی جو بھی سوال پوچھتے ہیں اس کا جواب ان کو ملنا چاہیے آئندہ اگر کسی بیورو کریسی اہلکار نے ارکان اسمبلی کے سوالات کے جوابات نہ دیئے گئے تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی اور کسی کا کوئی لحاظ نہیں کیا جائیگا وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہاکہ یہ میری ذمہ داری ہے کہ جو بھی ارکان اسمبلی سوال کریں اس کا جواب صوبائی وزراء دیں اور اگر کسی ن ے اس میں کوتاہی برتی تو اس سرکاری اہلکار کے خلاف کارروائی کی جائیگی اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر نواب ثناء اللہ زہری نے کہا ہے کہ دیر آئے درست آئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے ایک سال کے بعد آخر کار پارلیمنٹ کی حیثیت کو تسلیم کرلیا ہے اور یہ حکم دیا ہے کہ جو بھی سرکاری اہلکار ارکان اسمبلی کے سوالات کے جوابات نہیں دیگا اس کے خلاف کارروائی کی جائیگی یہ خوش آئند اقدام ہے امید ہے کہ اس پر عملدرآمد بھی ہوگا بیورو کریسی عوام کی خادم ہیں اور انہیں وہی کرنا چاہیے جو منتخب نمائندے کہتے ہیں انہوں نے مزید کہاکہ خوشی کی بات ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے پارلیمنٹ کو عزت دی ہے اور افسر شاہی پر واضح کیا ہے کہ وہ ارکان پارلیمنٹ کے سوالات کے جوابات دیں ۔