گلیات کی تمام رابطہ سڑکوں سے برف ہٹانے کاکام جاری ہے،سردارمحمدادریس

پیر 17 مارچ 2014 19:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2014ء)ممبر خیبر پختونخوا اسمبلی و چئیر مین ضلعی ترقیاتی مشاورتی کمیٹی سردار محمد ادریس نے کہا ہے کہ گلیات کی تمام رابطہ سڑکوں سے برف ہٹانے ،بیرن گلی ،لوئر گلیات ،لورہ سرکل کی بجلی فوری بحال کرنے اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار بجلی کے پولوں کو فوری تبدیل کر کے بجلی بحال کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے علاقہ گلیات کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

چئیر مین ضلعی ترقیاتی مشاورتی کمیٹی نے محکمہ تعلیم کو ہدایت کی ہے کہ کلاس فور کی تمام بھرتیاں خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر کی جائیں اور اس ضمن میں کوئی بھی سیاسی مداخلت قبول نہیں کی جائے گی۔انہوں نے شجرکاری کے حوالے سے محکمہ جنگلات،جی ڈی اے اور محکمہ زراعت کو ہدایت کی ہے کہ شجرکاری محض کاغذی کارروائی نہ ہو بلکہ حقیقی طور پر ہو اس ضمن میں تمام محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حکومت کے اہداف کو پورا کریں اور صوبہ خیبر پختونخوا کو سر سبز و شاداب بنانے میں اپنا موئثر کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

سردار محمد ادریس نے کہا کہ محکمہ تعلیم کی تمام بھرتیاں اور دیگر تمام محکموں کی بھرتیاں میرٹ کی بنیاد پر کی جائیں اگر کسی کو کسی قسم کی شکایت ہو تو وہ میرے دفتر سے رجوع کرے اور رائٹ ٹو انفارمیشن کے تحت کسی بھی محکمے کے افسر سے معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں اگر کسی محکمے کا متعلقہ افسر معلومات فراہم نہ کرے تو اس کی شکایت بھی یہاں کی جائے۔سردار محمد ادریس نے کہا کہ وہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا سے خود ملے ہیں اور حالیہ برفباری کی وجہ سے بجلی کی بندش اور رابطہ سڑکوں کی بحالی کے حوالے سے وزیر اعلی نے بھی تمام متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔